روس جنگ میں پھنسے محمد احمد بحفاظت حیدرآباد پہنچ گئے، اسدالدین اویسی اور امجد اللہ خان کی مسلسل کوششیں کامیاب، وزارتِ خارجہ اور ماسکو میں ہندوستانی سفارتخانہ کا اہم رول

حیدرآباد (دکن فائلز) روس میں ایک جنگی زون کے قریب پھنسے ہوئے حیدرآبادی نوجوان محمد احمد جنہیں ایک مبینہ ممبئی ایجنٹ نے دھوکے سے روس بھیجا تھا بالآخر ہندوستان کی بھرپور سفارتی کوششوں کے بعد بحفاظت حیدرآباد واپس پہنچ گئے۔ آج علی الصبح ان کی واپسی کے ساتھ ہی خاندان اور مقامی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

محمد احمد، سکندرآباد کے قریب ایم ایس مقطع، راج بھون روڈ کے رہائشی ہیں۔ انہیں ایک ممبئی ایجنٹ نے بہتر ملازمت کے بہانے روس بھیجا تھا۔ وہاں پہنچنے کے بعد انہیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جہاں روس-یوکرین جنگ کے دوران انہیں مبینہ طور پر یوکرینی فوج کے خلاف لڑائی میں شامل ہونے کے لیے مجبور کیا جا رہا تھا۔

جب صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی تو احمد نے روس-یوکرین بارڈر سے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت سے رہائی اور وطن واپسی کی اپیل کی۔ احمد کی بیوی اور خاندان نے کل ہند مجلسِ اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی سے رابطہ کیا اور ان سے احمد کو حیدرآباد واپس لانے میں مدد کی درخواست کی تھی۔ خاندان کی اپیل پر، اویسی نے وزارتِ خارجہ اور روس میں ہندوستانی سفارتخانے سے بھی احمد کی واپسی کے لیے مدد کی درخواست کی ہے۔

اس دوران احمد کی ویڈیو وائرل ہونے پر امجد اللہ خان، ترجمان مجلس بچاؤ تحریک، فوری طور پر محمد احمد کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد انہوں نے معاملے کو براہِ راست ڈاکٹر ایس جے شنکر، وزیر برائے خارجہ امور، حکومتِ ہند، ماسکو میں بھارتی سفارتخانہ کے سامنے رکھا اور نوجوان کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا۔

ماسکو میں ہندوستانی سفارتخانہ نے معاملہ روسی فوج کے اعلیٰ حکام کے سامنے رکھا اور مسلسل پیروی کے بعد محمد احمد کو حراست اور دباؤ سے آزاد کروایا گیا۔ سفارتخانہ کی مداخلت، حکومتی سطح پر رابطوں اور سیاسی نمائندوں کی کوششوں کے نتیجے میں روسی حکام نے احمد کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی۔

محمد احمد آج علی الصبح حیدرآباد پہنچ گئے، جہاں ان کے اہل خانہ نے خیر مقدم کیا۔ خاندان نے امجد اللہ خان اور ہندوستانی وزارتِ خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر امجد اللہ خان نے کہا کہ “یہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا سبق ہے کہ بیرون ملک نوکری کا وعدہ کرنے والے غیر مستند ایجنٹوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔ میں وزارتِ خارجہ اور ہندوستانی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے فوری قدم اٹھایا اور احمد کو زندہ سلامت واپس لایا۔”

محمد احمد کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ کئی مہینوں سے شدید خوف اور بے یقینی میں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہمارا بچہ جنگ کے درمیان پھنس گیا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ وہ زندہ سلامت گھر آگیا۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں