کولکتہ میں لیونل میسی کا دورہ بدنظمی کی نذر، شائقین برہم، اسٹیڈیم میں ہنگامہ (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کے کولکتہ دورے نے ہفتہ کے روز ہزاروں شائقین کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا۔ ویویکانند یوبا بھارتی کرِیڑانگن (سالٹ لیک اسٹیڈیم) میں منعقد ہونے والے G.O.A.T. ٹور کے تحت میسی کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے آئے مداحوں کو، بھاری رقم ادا کرنے کے باوجود، اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی واضح جھلک تک نصیب نہ ہو سکی۔ ناقص انتظامات کے باعث اسٹیڈیم میں حالات کشیدہ ہو گئے اور ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔

اطلاعات کے مطابق، شائقین نے اس ایونٹ کے لیے 5 ہزار سے لے کر 25 ہزار روپے تک کے مہنگے ٹکٹ خریدے تھے۔ میسی ہفتہ کی صبح تقریباً 11:15 سے 11:30 بجے کے درمیان اپنے دیرینہ ساتھی لوئس سواریز اور ارجنٹائن کے کھلاڑی رودریگو ڈی پاؤل کے ساتھ اسٹیڈیم پہنچے۔ وہ سب سے پہلے میدان میں اترے، مختصر طور پر گھومے اور شائقین کی جانب ہاتھ ہلا کر خیرسگالی کا اظہار کیا، مگر ان کے اردگرد وی آئی پیز، منتظمین اور سیکیورٹی اہلکاروں کا گھیرا اس قدر مضبوط تھا کہ گیلریوں میں بیٹھے شائقین انہیں نہ تو براہِ راست دیکھ سکے اور نہ ہی اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں پر واضح طور پر دیکھ پائے۔

شائقین کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے انتظار کر رہے تھے، لیکن میسی چند منٹوں میں ہی میدان چھوڑ کر چلے گئے۔ اس دوران اسٹیڈیم میں ’’وی وانٹ میسی‘‘ کے نعرے گونجنے لگے۔ حالات اس وقت مزید بگڑ گئے جب میسی کو کئی معزز مہمانوں کی آمد سے قبل ہی سیکیورٹی کے حصار میں اسٹیڈیم سے باہر لے جایا گیا۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:

مایوسی اور غصے میں آکر بعض شائقین نے میدان کی جانب بوتلیں پھینکیں، پلاسٹک کی کرسیاں، بینرز اور ہورڈنگز کو نقصان پہنچایا، جبکہ کچھ افراد نے گیلریوں کی رکاوٹیں توڑ کر میدان میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو حالات پر قابو پانے میں سخت محنت کرنی پڑی۔

صورتحال کی سنگینی کے باعث پروگرام کو قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔ اسی وجہ سے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس تقریب کا حصہ نہ بن سکیں۔ ایونٹ کے منتظم شتادرو دتہ اور سیکیورٹی اہلکاروں نے میسی کو فوری طور پر اسٹیڈیم سے باہر منتقل کیا۔

ایک ناراض شائق نے کہاکہ “ہم نے ہزاروں روپے خرچ کیے، لیکن میسی کے آس پاس صرف سیاستدان اور وی آئی پیز نظر آئے۔ اگر ہمیں دکھانا ہی نہیں تھا تو ہمیں بلایا کیوں گیا؟ یہ سراسر بدانتظامی اور دھوکہ ہے۔”

اگرچہ میسی کو مقررہ وقت سے پہلے روانہ کر کے حالات کو مکمل طور پر قابو سے باہر ہونے سے بچا لیا گیا، تاہم اس ہنگامہ نے فٹبال کے اس عظیم سپر اسٹار کے اعزاز میں منعقد ہونے والے اس ہائی پروفائل ایونٹ پر گہرا سایہ ڈال دیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میسی نے کولکتہ میں اپنے بقیہ طے شدہ پروگرام منسوخ کر دیے اور بعد ازاں اپنی بھارتی دورے کی اگلی منزل حیدرآباد کے لیے روانہ ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں