حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر پبلک امتحانات 2026 کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل جاری کردہ شیڈول کے مطابق فرسٹ ایئر کے امتحانات 25 فروری سے 17 مارچ تک اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات 26 فروری سے 18 مارچ تک منعقد ہونے تھے۔
تاہم تازہ اعلان میں بورڈ نے انٹر سیکنڈ ایئر کے ایک امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔ پہلے جو امتحان 3 مارچ کو ہونا تھا، اسے اب 4 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تعطیلات کی فہرست میں 3 مارچ کو ہولی کے موقع پر سرکاری چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
انٹر بورڈ کے حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ ہولی کا تہوار 4 مارچ کو ہوگا، لیکن سرکاری تعطیل 3 مارچ کو ہونے کے باعث امتحانی شیڈول میں یہ تبدیلی ضروری ہو گئی۔ اس سلسلے میں باقاعدہ سرکاری احکامات ایک دو دن میں جاری کیے جائیں گے۔ حکام نے واضح کیا کہ اس تبدیلی کے علاوہ باقی تمام امتحانات پہلے سے طے شدہ تاریخوں کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
انٹرمیڈیٹ کے تحریری امتحانات 25 فروری سے شروع ہو کر 18 مارچ تک جاری رہیں گے۔ امتحانات روزانہ دو سیشنز میں ہوں گے۔ وہیں عملی امتحانات (پریکٹیکلز) 2 فروری سے 21 فروری تک بغیر کسی تبدیلی کے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔ یہ پریکٹیکل امتحانات تین مرحلوں میں ہوں گے۔ 21 فروری کو فرسٹ ایئر اور 22 فروری کو سیکنڈ ایئر کے طلبہ کے لیے انگریزی کے پریکٹیکل امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔


