انصاف کہاں ہے؟ شہری آزادی اور آئینی حقوق کا تحفظ: اے پی سی آر تلنگانہ کا حیدرآباد میں اہم اجلاس آج

حیدرآباد : ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) کے زیرِ اہتمام ایک اہم عوامی پروگرام بعنوان انصاف کی جستجو “Longing for Justice : Continuous Denial of Bail & Caging Dissent” چہارشنبہ ، 17 ڈسمبر 2025 کو شام 6:30 ساڑھے چھ بجے منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام جیول بینکوئٹ، مجتبیٰ جیولرز کی اوپری منزل،مین روڈ،مانصاب ٹینک، حیدرآباد پر منعقد ہوگا۔

اس پروگرام کا مقصد ملک میں انصاف کی فراہمی، زیرِ حراست افراد کو درپیش قانونی مسائل، قانونی ضمانت کے حق سے مسلسل محرومی اور اختلافی آوازوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک پر سنجیدہ مکالمہ،گفتگو اور غور و فکر کرنا ہے۔

پروگرام میں نامور سماجی، قانونی اور فکری شخصیات و دانشوران اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کریں گے۔پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں ممتاز اداکار جناب پرکاش راج،نائب امیر جماعت اسلامی ہند جناب ملک معتصم خان،سماجی کارکن جناب عامر عزیز، معروف سماجی جہدکار پروفیسر کودنڈارام، جناب ندیم خان، سینئر وکیل ایڈوکیٹ وی رگھوناتھ، انسانی حقوق کی علمبردار محترمہ بنوجوتسنا لاہری اور بزرگ سماجی کارکن جناب للیتا رام داس شامل ہیں۔

اے پی سی آر،تلنگانہ کے مطابق یہ پروگرام جمہوری اقدار، آئینی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ کے لیے ایک بامعنی قدم ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان ،سکریٹری اے پی سی آر تلنگانہ نے عوام بالخصوص سماجی کارکنوں،طلبہ، وکلاء، اور صحافیوں سے گزارش کی ہے کہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس اہم سمینار کو کامیاب بنائیں۔

مزید تفصیلات کے لئے جناب محمد کلیم الدین سے موبائل نمبر 6302810057 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں