جعلی ای-چالان لنک سے ہوشیار! حیدرآباد پولیس کمشنر کا شہریوں کو انتباہ

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں سائبر فراڈ کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں جعلی ٹریفک ای-چالان لنک پر کلک کرنے والے ایک شخص سے سائبر مجرموں نے تقریباً 6 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ اس واقعے کے بعد حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی سجنار نے عوام کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

سجّنار کے مطابق سائبر مجرم معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے جعلی ٹریفک ای-چالان کے لنکس ایس ایم ایس کے ذریعے بھیج رہے ہیں۔ متاثرہ شخص نے بھی ایک ایسے ہی لنک پر کلک کیا، جو بظاہر ٹریفک پولیس کی سرکاری ویب سائٹ جیسا نظر آ رہا تھا۔

متاثرہ فرد نے 500 روپے کے ٹریفک جرمانے کی ادائیگی کی کوشش کی، تاہم اس دوران سائبر مجرموں نے اس کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کر لیں اور بین الاقوامی لین دین کے ذریعے بڑی رقم نکال لی۔ پولیس کے مطابق یہ جعلی ویب سائٹس بالکل سرکاری پورٹل جیسی ہوتی ہیں، جس کے باعث لوگ آسانی سے دھوکے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

سجّنار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی نامعلوم لنک کے ذریعے جرمانہ ادا نہ کریں اور ہمیشہ صرف سرکاری ای-چالان ویب سائٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر 1930 ہیلپ لائن پر کال کر کے شکایت درج کروائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں