بڑی خبر: تلنگانہ پولیس میں بڑی تبدیلیاں! حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس 12 زونز میں تقسیم

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ پولیس محکمہ میں اہم تنظیمی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ حالیہ جی ایچ ایم سی (گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن) کی از سر نو حد بندی کے پس منظر میں تین بڑے پولیس کمشنریٹس میں وسیع پیمانے پر رد و بدل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مجموعی طور پر تین کمشنریٹس کو 12 پولیس زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹی وی نائین کی رپورٹ کے مطابق ان میں حیدرآباد کمشنریٹ کے تحت 6 زونز، رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت 3 زونز اور سائبرآباد کمشنریٹ کے تحت 3 زونز قائم کیے گئے ہیں۔

اس نئی تنظیم کے مطابق، اب تک سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے شمش آباد اور راجندر نگر زونز کو حیدرآباد پولیس کمشنریٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت آنے والے یادادری ضلع کو اب پولیس ضلع کا درجہ دیتے ہوئے ایس پی کے دائرہ اختیار میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ریاستی حکومت کی جانب سے مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئے اور باوقار فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاد نگر، چیوڑلہ اور مہیشورم زونز کو یکجا کر کے نئے کمشنریٹ کے قیام کے امکانات روشن ہیں۔

حیدرآباد پولیس کمشنریٹ
پولیس کمشنریٹس میں تبدیلی کے تحت شمش آباد زون کو حیدرآباد کمشنریٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ راجندر نگر زون بھی اسی کمشنریٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس طرح اب حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے تحت گولکنڈہ، چارمینار، خیریت آباد، راجندر نگر، سکندرآباد اور شمش آباد کے چھ زونز شامل ہو گئے ہیں۔ پہلے موجود چار زونز کے ساتھ دو نئے زونز کے اضافے سے حیدرآباد کمشنریٹ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے۔

سائبرآباد پولیس کمشنریٹ
سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کمشنریٹ کے تحت شیر لنگم پلی، کوکٹ پلی اور قطب اللہ پور زونز برقرار رکھے گئے ہیں۔ معین آباد سے پٹن چیرو تک کے علاقوں کو شیر لنگم پلی زون میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ مادھاپور علاقے کو کوکٹ پلی زون میں ضم کر دیا گیا ہے۔ قطب اللہ پور زون میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ
رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے تحت اب ایل بی نگر، ملکاجگری اور اپّل زونز شامل ہیں۔ اس سے قبل اس کمشنریٹ کے دائرہ اختیار میں آنے والے یادادری بھونگیر ضلع کے علاقوں کو اب یادادری بھونگیر ضلع پولیس ایس پی کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب مہیشورم، شاد نگر اور چیوڑلہ زونز کو ملا کر فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ کے قیام کے لیے حکومتی سطح پر مشق جاری ہے۔

ان تبدیلیوں کا مقصد شہری نظم و نسق کو مزید مؤثر بنانا، پولیسنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے مطابق بہتر سکیورٹی نظام فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں