77ویں یومِ جمہوریہ کا جشن: ملک بھر میں ترنگا لہرایا، دینی مدارس اور مسلم اداروں میں شاندار تقریبات، گلی گلی میں حب الوطنی کا جوش

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات نہایت جوش و خروش اور قومی جذبہ کے ساتھ منائی گئیں۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے تاریخی کرتویہ پتھ پر ترنگا پرچم لہرایا اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے پیش کیا گیا گارڈ آف آنر قبول کیا۔ اس موقع پر عظیم الشان پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں 6,050 فوجی جوانوں نے حصہ لیا، جبکہ 17 ریاستوں اور 13 مرکزی وزارتوں کی جھانکیوں نے ہندوستان کی ثقافتی، سماجی اور عسکری طاقت کی عکاسی کی۔ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی، نائب صدر اور مرکزی وزرا بھی اس موقع پر موجود رہے۔

تلنگانہ سمیت ملک کی تمام ریاستوں میں بھی یومِ جمہوریہ کی سرکاری اور عوامی تقریبات منعقد ہوئیں۔ سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈس میں منعقدہ ریاستی سطح کی تقریب میں گورنر جشندو دیو ورما نے قومی پرچم لہرایا اور مسلح افواج کا گارڈ آف آنر قبول کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ملوبھٹی وکرمارکا، وزرا، اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، قانون ساز کونسل کے چیئرمین جی سکھندر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ اس سے قبل تلنگانہ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے احاطوں میں بھی قومی پرچم کشائی کی گئی۔ ریاست بھر میں سرکاری دفاتر، ضلعی مراکز اور تعلیمی اداروں میں یومِ جمہوریہ جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور مجاہدینِ آزادی و معمارانِ دستور کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ملک بھر کے دینی مدارس، مسلم اداروں اور تنظیموں کی جانب سے بھی یومِ جمہوریہ کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مدارس اور اداروں کے احاطوں میں ترنگا لہرایا گیا، جن میں لاکھوں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ہزاروں مسلم علما اور مجاہدین نے جانوں کی قربانیاں دیں اور مسلمانوں نے آزادی کی تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا۔

علمائے کرام نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں پر تنقید کی اور مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت کے خلاف آواز بلند کی۔ تقریبات کے دوران حب الوطنی کے نغمے گونجتے رہے اور ملک کی سالمیت، اتحاد اور آئین کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

77واں یومِ جمہوریہ پورے ملک میں قومی اتحاد، جمہوری اقدار اور حب الوطنی کے پیغام کے ساتھ منایا گیا، جس نے ایک بار پھر ہندوستان کی تکثیریت اور جمہوری روح کو اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں