اصحاب کہف کی یاد آگئی! وفا کی لازوال مثال: چار دن تک برفانی طوفان میں مالک کی لاش کے پاس ڈٹا رہا کتا

حیدرآباد (دکن فائلز) ہماچل پردیش کے ضلع چمبا کے علاقہ بھرماور سے وفاداری کی ایک دل کو چھو لینے والی داستان سامنے آئی ہے، جہاں شدید برفباری اور جان لیوا سردی میں ایک پِٹ بُل کتا چار دن تک اپنے مرحوم مالک کی لاش کے پاس ڈٹا رہا۔ ایسے حالات میں جب انسان کا گھر سے نکلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے، اس بے زبان جانور نے وفا کی ایسی مثال قائم کی جو ہر آنکھ نم کر گئی۔

اطلاعات کے مطابق، بھرماور کے بھرمَنی مندر کے قریب ویڈیو بناتے ہوئے دو نوجوان رشتہ دار، بِکشِت رانا اور پیوش لاپتہ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ شدید موسم اور برف میں پھنسنے کے باعث دونوں کی موت واقع ہو گئی۔ چار دن بعد جب ریسکیو ٹیم اور مقامی افراد موقع پر پہنچے تو پیوش کی لاش برف کی تہوں میں دبی ہوئی تھی، جبکہ اس کے بالکل پاس اس کا پالتو کتا بیٹھا ہوا تھا۔

چار دن تک کتے نے نہ کچھ کھایا، نہ ہی وہاں سے ہٹا۔ وہ برفانی طوفان، سرد ہواؤں اور جنگلی جانوروں کے خطرے کے باوجود اپنے مالک کی لاش کی حفاظت کرتا رہا۔ جب ریسکیو ٹیم نے لاش نکالنے کی کوشش کی تو کتا پہلے مشتعل ہو گیا، گویا اسے یہ گمان تھا کہ اجنبی اس کے مالک کو نقصان پہنچانے آئے ہیں۔ کافی دیر نرمی، پیار اور سمجھانے کے بعد جب اسے احساس ہوا کہ یہ لوگ مدد کے لیے آئے ہیں تو وہ ایک طرف ہٹ گیا۔

یہ دردناک واقعہ سے اصحاب کہف کی یاد کو تازہ کردیا اور ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جانوروں کی وفاداری اور محبت تمام حدوں کو بھی پار کر جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں