حیدرآباد (دکن فائلز) امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلم رکنِ کانگریس الہان عمر پر ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپولیس میں ایک ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران حملہ کیا گیا، جہاں ایک شخص نے ان پر نامعلوم بدبودار مائع پھینک دیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب الہان عمر عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوم سے استعفے یا مواخذے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ اچانک ایک شخص نے اسٹیج کی طرف بڑھتے ہوئے مائع اسپرے کیا، جس سے اجلاس میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری مچ گئی۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں الہان عمر محفوظ رہیں اور انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شدت پسند سفید فام حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الہان عمر جس واقعہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی تھیں، اس میں منی سوٹا میں آئیس (ICE) اہلکاروں کے ہاتھوں الیکس پریٹی نامی شخص ہلاک ہوا تھا۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ وہ شخص مسلح تھا اور قتلِ عام کی نیت رکھتا تھا، تاہم بعد میں سامنے آیا کہ وہ غیر مسلح تھا اور گولی چلائے جانے سے قبل قابو میں آ چکا تھا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/2016324709638685072
الہان عمر ماضی میں بھی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید اور نفرت انگیز مہمات کا سامنا کرتی رہی ہیں۔ ان کے والدین کا تعلق صومالیہ سے ہے اور وہ امریکہ میں مسلم کمیونٹی کی ایک توانا اور بے باک آواز سمجھی جاتی ہیں۔


