حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں ایک عجیب و غریب کیس منظر عام پر آیا ہے جس میں ایک مسلم خاتون پر طلاق یا خلع لیے بغیر دوسری شادی کرلینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محمد نامی شخص نے اپنی بیوی پر خلع لیے بغیر دوسری شادی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔
فرسٹ لانسر کے رہنے والے محمد نے بتایا کہ 2013 میں خاندان کے افراد کی موجودگی میں ان کی شادی روبینہ بیگم سے ہوئی تھی تاہم روبینہ نے 2017 میں بغیر کسی طلاق یا خلع لیے دوسرے مرد معین الدین سے شادی کرلی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔
محمد نے پولیس میں شکایت کی ’چونکہ اسلامی شریعت کے مطابق طلاق یا خلع لیے بغیر مسلم خاتون دوسری شادی نہیں کرسکتی، ایسا کرنا حرام و ناجائز ہے۔ انہوں نے روبینہ پر ناجائز کام کرنے کا الزام عائد کیا‘۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ قبل ازیں روبینہ بیگم نے ان پر ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں نامرد قرار دیتے ہوئے روبینہ نے ان پر جنسی صلاحیت کا ٹیسٹ کرانے پر زور دیا تھا اور اس کا سرٹیفیکٹ بھی حاصل کیا تھا۔ محمد نے روبینہ، اس کی ماں اور بھائیوں کی جانب سے اس پر متعدد مرتبہ حملے کرنے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے ان سے اپنی جان کو خطرہ ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس نے روبینہ بیگم، اس کی والدہ ممتاز بیگم کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد حیدر علی، یوسف پاشا، محمد قاسم اور مبین الدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ شرعی اعتبار سے شادی شدہ عورت شوہر سے طلاق یا خلع یا اس کی وفات کے بعد عدت گزارے بغیر دوسری جگہ شادی نہیں کر سکتی۔