بڑی خبر: روہنگیا نسل کشی پر عالمی عدالتِ انصاف کا تاریخی فیصلہ! کٹر پسندی اور ریاستی بربریت بے نقاب، عالمی ضمیر کی 9 سالہ خاموشی پر بھی سنگین سوالات

حیدرآباد (دکن فائلز) انسانی تاریخ کے بدترین اور دل دہلا دینے والے سانحات میں سے ایک ’روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی‘ کے مقدمے میں بالآخر 9 سال بعد حق و انصاف کی آواز بلند ہوئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت، عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے ایک انتہائی اہم اور تاریخی فیصلے میں میانمار کو 2017 کی فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کی باقاعدہ ’نسل کشی کے ارادے‘ کا مجرم قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف کٹر پسندی، اکثریتی غرور اور فرقہ وارانہ جنونیت کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے، بلکہ اُس عالمی برادری کے دوہرے معیار اور مجرمانہ خاموشی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے جو برسوں تک لاکھوں بے بس انسانوں کے لہو بہنے کا تماشا دیکھتی رہی۔

نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع عالمی عدالتِ انصاف میں جمعرات کے روز 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے یہ فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت کے صدر یوجی ایواساوا نے تین گھنٹے تک فیصلہ پڑھتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ریاست رخائن میں منظم منصوبہ بندی کے تحت ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا، خواتین کے خلاف وسیع پیمانے پر جنسی تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کیا، معصوم بچوں کے ساتھ انتہائی سفاکانہ سلوک روا رکھا اور جان بچا کر بنگلادیش فرار ہونے والے نہتے پناہ گزینوں پر بھی حملے کیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان شواہد سے واحد معقول نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ میانمار کا مقصد روہنگیا اقلیت کے ایک بڑے حصے کو صفحۂ ہستی سے مٹانا تھا، جو 1948 کے نسل کشی کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف برپا کی گئی یہ قیامت اس بات کا عبرت ناک ثبوت ہے کہ جب مذہبی و نسلی کٹر پسندی اور فرقہ پرستی کو ریاستی طاقت کی سرپرستی حاصل ہو جائے تو انسانیت کس پستی تک گر سکتی ہے۔ انتہا پسند عناصر اور مسلح جتھوں نے فوج کے شانہ بشانہ مل کر نفرت کی ایسی آگ بھڑکائی جس میں شمالی رخائن کے 350 سے 400 دیہات جلا کر راکھ کر دیے گئے۔ ظلم و بربریت کی انتہا یہ تھی کہ نہ صرف لوگوں کے گھر، دکانیں اور بازار لوٹے گئے بلکہ عبادت گاہوں اور مساجد تک پر قبضہ کر کے ان کی بے حرمتی کی گئی، اور مظلوموں کی چھینی گئی زمینوں پر سکیورٹی چوکیاں اور سرکاری تنصیبات کھڑی کر دی گئیں۔

اقوامِ متحدہ کے ابتدائی اندازوں کے مطابق اس خونی آپریشن میں کم از کم 10 ہزار روہنگیا شہید کیے گئے، جبکہ ’ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ نے محض پہلے ایک ماہ میں کم از کم 6 ہزار 700 اموات کی تصدیق کی تھی اور 2018 کے ایک سروے میں ہلاکتوں کا تخمینہ 25 ہزار تک لگایا گیا۔ میانمار حکومت نے اپنے ان سنگین جنگی جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے ’اراکان روہنگیا سالویشن آرمی‘ کے حملوں کا بہانہ تراشا، مگر عالمی عدالت نے اس جھوٹے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ چند جنگجوؤں کی کارروائی کو جواز بنا کر ایک پوری قوم کی نسل کشی نہیں کی جا سکتی۔

اس تاریخی فیصلے نے جہاں مظلوموں کے زخموں پر کچھ مرہم رکھا ہے، وہیں دنیا کے طاقتور ممالک، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ سوال پوری شدت کے ساتھ ابھر رہا ہے کہ جب 2017 میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان اپنا سب کچھ لٹا کر بنگلادیش کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے، تو عالمی طاقتیں کیوں خاموش تماشائی بنی رہیں؟ آج بھی 13 لاکھ سے زیادہ روہنگیا جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں دربدر ہیں، جن میں سے 12 لاکھ افراد بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

یہ امر بھی عالمی سیاست کے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ ظلم کے خلاف انصاف کا یہ دروازہ کسی بڑی عالمی طاقت نے نہیں بلکہ مغربی افریقہ کے ایک چھوٹے سے ملک ’گیمبیا‘ نے 2019 میں کھٹکھٹایا، جس کے نتیجے میں اس وقت کی حکمراں آنگ سان سو چی کو بھی کٹہرے میں آنا پڑا۔

عالمی عدالتِ انصاف نے میانمار کو حکم دیا ہے کہ وہ روہنگیا آبادی کو نشانہ بنانے والی تمام غیر قانونی کارروائیاں فوری بند کرے، نسل کشی کے ذمہ داروں کو سزا دلوانے کو یقینی بنائے، متاثرین کی بحالی کے اقدامات کرے، تباہ شدہ اجتماعی املاک واپس لوٹائے، لاپتا افراد کی تلاش کرے اور متاثرین کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کا بندوبست کرے۔

بلاشبہ عالمی عدالت کا یہ فیصلہ تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، مگر اس فیصلے کی اصل روح اسی وقت زندہ ہوگی جب عالمی برادری محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے میانمار پر عملی دباؤ ڈال کر ان احکامات پر عمل درآمد کروائے، تاکہ مستقبل میں دنیا کے کسی بھی کونے میں کٹر پسندی اور فرقہ پرستی کو کسی اقلیت کی نسل کشی کی جرات نہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں