مساجد میں خون کی ہولی۔۔۔! سری لنکا میں مسلمانوں کا قتل عام؟ اجتماعی قبر کی دریافت کے بعد ہزاروں مسلمانوں کی تلاش پھر زندہ ہوگئی

حیدرآباد (دکن فائلز) الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی خونی خانہ جنگی کے دوران تامل علیحدگی پسندوں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتلِ عام کا وہ دردناک اور فراموش شدہ باب ایک بار پھر کھل گیا ہے، جسے وقت کی گرد نے دہائیوں تک دبائے رکھا تھا۔ مشرقی سری لنکا کے علاقے کوروکلمڈم میں عدالت کی جانب سے مقرر کردہ آثارِ قدیمہ کی ایک ٹیم کو اجتماعی قبر سے انسانی ڈھانچوں کی باقیات ملی ہیں، جن پر تشدد اور کٹنے کے لرزہ خیز نشانات واضح ہیں۔ 36 برس بعد ہونے والی اس دل دہلا دینے والی دریافت نے نہ صرف ہزاروں لاپتہ اور مقتول مسلمانوں کی تلاش کو پھر سے زندہ کر دیا ہے، بلکہ ان مظلوم خاندانوں کے سینوں میں دبی آہوں اور سسکیوں کو بھی زبان دے دی ہے جو دہائیوں سے اپنے پیاروں کے ایک نشان تک کو ترس رہے ہیں۔ معصوم شہریوں کے اس بے رحمانہ قتلِ عام پر ہر درد مند دل افسردہ اور اشکبار ہے کہ کس طرح طاقت اور نفرت کے کھیل میں نہتے مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا۔

فوزل حنایہ کا 36 سالہ کرب اور دو بھائیوں کا آخری سفر
الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشرقی ساحلی شہر کاتانکودی کی رہائشی 60 سالہ فوزل حنایہ کی کہانی اس المیے کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ حنایہ گزشتہ 36 برسوں سے اپنے دو جواں سال بھائیوں، فوزل امیر اور عبدالرؤف کی یادوں کے سہارے سسک سسک کر زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے والد حیات محمد لکڑیاں کاٹ کر بمشکل گھر کا چولہا جلاتے تھے اور چھ بہن بھائیوں کے اس غریب خاندان کا سہارا یہی دو بیٹے تھے۔ اب زندگی کی شام میں داخل ہونے والی حنایہ کو دنیاوی انصاف ملنے کی کوئی امید باقی نہیں رہی، لیکن کوروکلمڈم کی قبر سے ملنے والی ہڈیوں نے ان کے بجھتے دل میں ایک مدھم سی کرن ضرور جگا دی ہے۔ آنسوؤں سے لبریز لہجے میں وہ کہتی ہیں کہ “مجھے بس انہیں اسلامی طریقے کے مطابق باعزت طور پر دفنانا ہے۔”

جولائی 1990 کی وہ منحوس صبح حنایہ آج تک نہیں بھول پائیں جب ان کے چھوٹے بھائی فوزل امیر ریڈی میڈ کپڑے فروخت کرنے کے لیے اپنے شہر سے 58 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع قصبے اکرائی پتو روانہ ہوئے۔ واپسی پر کوروکلمڈم کے قریب لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلم (LTTE) کے مسلح جنگجوؤں نے ان کے قافلے کو روک کر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، جس میں امیر سمیت درجنوں نہتے مسلمان شہید ہو گئے؛ اس قتلِ عام میں شہدا کی تعداد 60 سے تقریباً 150 تک بتائی جاتی ہے۔ ابھی گھر میں امیر کا ماتم بھی ٹھنڈا نہ ہوا تھا کہ شمالی علاقے کی ایک دکان میں کام کرنے والے دوسرے بھائی عبدالرؤف غمزدہ خاندان کا سہارا بننے گھر لوٹے۔ چند ہی روز بعد وہ قریبی قصبے بٹیکلووا سے راشن لانے کے لیے ہاتھ ریڑھی لے کر نکلے، مگر تامل باغیوں نے انہیں بھی اغوا کر لیا اور وہ پھر کبھی گھر واپس نہ آ سکے۔ حنایہ نے 2016 میں قائم ہونے والے سرکاری ادارے ‘آفس آن مسنگ پرسنز’ میں بھی فریاد درج کرائی، مگر 36 برس کا طویل انتظار صرف صبر کا امتحان ہی ثابت ہوا۔

مساجد میں خون کی ہولی اور تاوان سے نسل کشی تک کا سفر
انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ 1983 سے 2009 تک جاری رہنے والی سری لنکا کی خانہ جنگی میں دسیوں ہزار عام شہری مارے گئے، جن میں سنہالی اکثریت (75 فیصد)، تامل (15 فیصد) اور مسلمان (10 فیصد) شامل تھے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جہاں ایک طرف سری لنکن فوج پر تامل شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات لگے، وہیں اپنے عروج پر ملک کے تقریباً ایک چوتھائی حصے پر قابض رہنے والی ایل ٹی ٹی ای نے—جس نے بھارتی وزیرِ اعظم راجیو گاندھی اور سری لنکن صدر رانا سنگھے پریماداسا کو بھی قتل کیا—1990 کی دہائی کے اوائل میں مسلمانوں کی نسل کشی کا بازار گرم کر دیا۔ پہلے تامل باغی جنگی اخراجات کے لیے مسلمانوں کو تاوان کی خاطر اغوا کرتے تھے، مگر جولائی 1990 کے بعد ان کی پیاس مسلمانوں کے خون سے بجھنے لگی۔ محض ایک ماہ بعد اگست 1990 میں کاتانکودی اور ایراوور کی دو مساجد میں اللہ کے حضور سجدہ ریز کم از کم 300 نمازیوں کو گولیوں سے بھون کر شہید کر دیا گیا، جس نے انسانیت کی روح کو لرزا کر رکھ دیا۔

دو دن کی مہلت اور ایک لاکھ مسلمانوں کی جبری بے دخلی
ظلم کی یہ داستان صرف قتلِ عام تک محدود نہ رہی۔ اکتوبر 1990 میں ایل ٹی ٹی ای نے شمالی صوبے میں صدیوں سے آباد 75 ہزار سے ایک لاکھ مسلمانوں کو محض دو دن کے نوٹس پر اپنے گھر بار چھوڑنے کا ظالمانہ حکم سنا دیا، حالانکہ وہاں مسلمانوں کی آبادی محض پانچ فیصد تھی جبکہ تامل 90 فیصد سے زائد تھے۔ 59 سالہ محمد رضنی، جو اس سے قبل 1987 میں بھارتی امن فوج کی تعیناتی کے دوران ملائیتیوو سے بے گھر ہوئے تھے، اس قیامت خیز منظر کو یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ انہیں تن کے کپڑوں کے سوا کچھ بھی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ باغیوں نے ان کے خاندان کی 99 بھینسیں، 42 گائیں، چار ایکڑ ناریل کا باغ، آٹھ ایکڑ دھان کے کھیت، گھر اور کریانہ اسٹور تک چھین لیا اور لاکھوں انسان راتوں رات پناہ گزین بن گئے۔

انصاف کی جستجو اور زخموں پر مرہم کی امید
متاثرہ خاندانوں کے وکیل معظم مبارک کے مطابق کوروکلمڈم کی قبر سے ملنے والے شواہد تشدد کی تصدیق کرتے ہیں۔ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کے اسسٹنٹ پروفیسر ذکی فوز کا کہنا ہے کہ اب اولین ترجیح ان باقیات کی شناخت اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی ہے، کیونکہ ایل ٹی ٹی ای نے خود جس اکثریتی جبر کے خلاف ہتھیار اٹھائے تھے، مسلمانوں کے ساتھ اس سے بھی بدتر استحصالی سلوک روا رکھا۔ ادھر حکمران اتحاد ‘نیشنل پیپلز پاور’ کے رکنِ پارلیمنٹ ریاض فاروق نے 1990 کے قتلِ عام اور جبری بے دخلی کو انسانیت کے خلاف سنگین جرائم قرار دیتے ہوئے آزادانہ تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کی باعزت بحالی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اگرچہ 2009 میں خانہ جنگی کے خاتمے (جس کے آخری مرحلے میں اقوامِ متحدہ کے مطابق تقریباً 40 ہزار شہری مارے گئے) کے بعد کئی مسلمان اپنے آبائی علاقوں کو لوٹے، مگر جامع آبادکاری آج بھی ادھوری ہے۔ محمد رضنی کہتے ہیں کہ مسلمان اس جبری بے دخلی کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے، تاہم وہ اس ظلم کا الزام عام تامل عوام پر عائد نہیں کرتے۔ اب تمام نگاہیں کوروکلمڈم کی تحقیقات پر مرکوز ہیں کہ آیا 36 برس بعد ان تڑپتی روحوں کو ان کے سوالوں کے جواب اور اپنے پیاروں کی قبروں پر دعا کرنے کا حق مل پائے گا یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں