بڑی خبر: وندے ماترم پر کشمیری مسلمانوں کا شدید ردعمل! تقریب میں شریک علماء نے عوامی سطح پر معافی مانگ کر تجدیدِ ایمان کر لیا (تفصیلی خبر ضرور پڑھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) جموں و کشمیر وقف بورڈ کی ایک سرکاری تقریب کے دوران قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے احترام میں کھڑے ہونے کے معاملے نے وادی میں شدید عوامی اور مذہبی ردعمل کو جنم دیا ہے۔ سخت تنقید اور عوامی دباؤ کے بعد تقریب میں شریک متعدد مقامی علماء اور ائمہ کرام نے عوامی سطح پر معافی مانگتے ہوئے کلمہ پڑھ کر تجدیدِ ایمان کی ہے۔ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام اور متحدہ مجلس علماء سمیت دیگر مذہبی حلقوں نے اس عمل کو اسلامی عقائد کے منافی قرار دیتے ہوئے سرکاری سطح پر ایسے غیر ضروری اقدامات کو آئینی مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 23 نومبر کو سری نگر کے شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے کنونشن سینٹر میں ’یومِ وقف‘ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرکزی وزیر کرن رجیجو، وقف بورڈ کی چیئرپرسن و بی جے پی رہنما ڈاکٹر درخشاں اندرابی سمیت متعدد علماء و ائمہ شریک تھے۔ تقریب میں وندے ماترم کے تمام چھ بند بجائے گئے، جس پر وہاں موجود کئی علماء کھڑے ہو گئے۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ عوامی ردعمل کے بعد متعلقہ علماء نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے اپنے اس عمل پر ندامت کا اظہار کیا، اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی اور کلمہ طیبہ پڑھ کر اللہ کی وحدانیت پر اپنے ایمان کا اعادہ کیا۔

اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے واضح کیا کہ اسلامی شریعت کے تحت مسلمانوں کے لیے وندے ماترم پڑھنا یا ایسی تقریبات میں شریک ہونا جہاں یہ گایا جائے، ناجائز ہے۔ تقریب میں کھڑے ہونے سے گریز کرنے والے معروف عالم مولانا مفتی سید بشارت رضوی نے اس عمل کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علماء پر کھڑے ہونے کے لیے کسی نے دباؤ نہیں ڈالا تھا، اس لیے ان کے نکاح ٹوٹ چکے ہیں اور انہیں دوبارہ کلمہ پڑھ کر از سرِ نو نکاح کرنا ہوگا۔ دوسری جانب تقریب میں کھڑے ہونے والے عالم مولانا عبدالرشید داؤدی نے موقف اختیار کیا کہ وہ محض پروٹوکول کے تحت کھڑے ہوئے تھے اور اسے عبادت نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے اس مسئلے پر علماء سے فتویٰ جاری کرنے کی اپیل کی، تاہم اپنے اس دفاعی بیان پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

دریں اثنا، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم مذہبی تنظیموں کے اتحاد ’متحدہ مجلس علماء اور مولانا بشارت رضوی نے اس تنازع کے تناظر میں اسلام کے بنیادی عقیدۂ توحید کی وضاحت کی ہے۔ علماء کے مطابق اسلام کا اولین ستون توحید ہے جو اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانے یا کسی زمین، شے اور مخلوق کو الوہیت کا درجہ دینے کی سخت ممانعت کرتا ہے۔ اسلام وطن سے محبت اور وفاداری کا درس ضرور دیتا ہے، مگر وطن کی پوجا کرنا یا اسے خدائی درجہ دینا عقیدۂ توحید سے براہِ راست متصادم ہے۔ چونکہ وندے ماترم کے اشعار اور خصوصاً اس کے تمام چھ بندوں میں مادرِ وطن کو دیوی کے طور پر پوجنے کے مفاہیم پائے جاتے ہیں، اسی لیے ملک بھر کے مسلمانوں میں اس گیت کے حوالے سے گہری تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور متحدہ مجلس علماء نے اس معاملے پر مذہبی کے ساتھ ساتھ آئینی بنیادوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستانی آئین تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے، جس کے تحت کسی بھی شہری کو ایسے عمل پر مجبور نہیں کیا جا سکتا جو اس کے مذہبی عقائد کے خلاف ہو۔ متحدہ مجلس علماء نے سرکاری سطح پر کیے جانے والے اس غیر ضروری اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری تقریب میں وندے ماترم بجانے کی کوئی قانونی مجبوری نہیں تھی، اس کے باوجود ایسا کرنا کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ ایم ایم یو نے اس بات پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ واقعہ وقف بورڈ جیسے ادارے کی تقریب میں پیش آیا جس کی بنیادی ذمہ داری ہی مسلمانوں کے مذہبی اوقاف اور ان کے تقدس کا تحفظ کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں