ملعون راجہ سنگھ کی گرفتاری اور رہائی کو مسلمانوں کی آنْکھوں میں دُھول جھونْکنے کے مترادف سمجھا جارہا ہے۔ شہریوں نے اس احساس کا اظہار کیا ہے کہ ’تلنگانہ حکومت مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیل رہی ہے‘۔
ملعون کی رہائی کے بعد مسلم نوجوان برہم ہوگئے اور پرامن احتجاج کیا۔ اطلاعات کے مطابق رات بھر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ گذشتہ روز چارمینار، شاہ علی بنڈہ، دبیر پورہ، یاقوت پورہ، خلوت، بہادر پورہ، چنچل گوڑہ، سعیدآباد، ملک پیٹ و دیگر علاقوں میں گستاخانہ تبصروں کے خلاف زبردست و پرامن احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے متعدد افراد کو حراست میں لینے کی بھی اطلاع ہے۔
پرانے شہر میں رات دیر گئے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ مظاہرین راجہ سنگھ کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق کچھ احتجاجیوں نے پولیس کو گاڑی کو نقصان پہنچایا وہیں پولیس افسران نوجوانوں کو سمجھاتے ہوئے نظر آئے۔
پرانے شہر میں حالات کو دیکھتے ہوئے سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ ریاپیڈ ایکشن فورس کو بھی طلب کرلیا گیا۔ پولیس کو بھاری مقدار میں تعینات کیا گیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے حالات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔