کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو خط لکھ کر 17 ستمبر کو ’لبریشن ڈے‘ کے بجائے ‘یوم قومی یکجہتی’ کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بی جے پی کی مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں 17 ستمبر کو ‘حیدرآباد لبریشن ڈے’ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 17 ستمبر کو اس سلسلہ میں منعقد تقریب کا افتتاح کریں گے۔ وہیں رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے 17 ستمبر کو لبریشن ڈے کے بجائے یوم قومی یکجہتی کے طور پر منانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں امت شاہ اور کے سی آر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا۔
سربراہ اسد الدین اویسی نے مرکزی حکومت کے فیصلہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے 17 ستمبر کو ‘حیدرآباد لبریشن ڈے’ کے طو پر منانے کی مذمت کی۔ انہوں نے نام پر اعتراض جتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نفرت پیدا ہوگی جبکہ اس دن کو ’یوم قوٹح یکجہتی‘ کے طور پر منانے سے ملک میں اتحاد پیدا ہوگا۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مجلس اتحاد المسلمین 17 ستمبر کو حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک ریلی کا اہتمام کریگی جس میں پارٹی کے تمام رہنما شامل رہیں گےاور اس دن کو ’یوم قومی یکجہتی‘ کے طور پر منایا جائے گا۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ حیدرآباد ریاست کو ہندوستان میں شامل کرنے کےلیے ہندو اور مسلمانوں، دونوں نے قربانیاں دی ہیں جسے لوگوں کے سامنے رکھا جائے گا اور انہیں مجاہدین کے بارے میں بتایا جائے گا۔ صدر مجلس نے کہاکہ جنہیں ہندوستان میں رہنا پسند نہیں تھا وہ پاکستان چلے گئے جبکہ ہندوستان میں رہنے والا ہر مسلمان ملک سے محبت کرتا ہے اور وہ وفادار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دیگر مذہب کے ماننے والے اس ملک کے شہری ہیں اسیطرح مسلمان بھی یہاں کے ایک نمبر کے شہری ہیں۔