محمد زبیر نوبل امن انعام کے لیے پسندیدہ امیدواروں کی فہرست میں شامل
فیکٹ چیکر محمد زبیر اور پراتک سنہا 2022 کا نوبل امن انعام کے لیے پسندیدہ امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹائم کے مطابق آلٹ نیوز کے شریک بانی سنہا اور زبیر ان نامزدگیوں کی بنیاد پر انعام جیتنے کے لیے پسندیدہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں جسے ناروے کے قانون سازوں، بک میکرز کی پیشین گوئیوں، اور پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے انتخاب کے ذریعے عام کی گئی۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایک ایف آئی آر کے مطابق زبیر کو اس سال جون میں 2018 کی ایک ٹویٹ کے لیے گرفتار کیا گیا تھا جو “انتہائی اشتعال انگیز تھا”۔
فیکٹ چیکر زبیر کی گرفتاری کے بعد عالمی سطح پر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا اور امریکی غیر منافع بخش کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھی اس کے خلاف بیان جاری کیا تھا۔ زبیر کو بالآخر سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود ایک ماہ بعد تہاڑ جیل سے رہا کیا گیا۔
2022 کے امن کے نوبل انعام کی دوڑ میں تقریباً 343 امیدوار ہیں جن میں 251 افراد اور 92 تنظیمیں شامل ہیں۔
سنہا اور زبیر کے علاوہ، یوکرین کے صدر ولڈومیر زیلنسکی، اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور روسی اختلاف رائے رکھنے والے اور ولادیمیر پوتن کے ناقد الیکسی ناوالنی بھی پسندیدہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔