ہندوستان کی سب سے قدیم سیاسی جماعت آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے آج اپنا نیا صدر چن لیا۔ گذشتہ روز ہوئی ووٹنگ کے ذریعہ سینئر رہنما ملکارجن کھڑگے کو کانگریس کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ ان کا مقابلہ ششی تھرور سے تھا۔
ملکارجن کھڑگے کو 7897 ووٹ ملے جبکہ تھرور کو 1072 ووٹ ملے۔۔
واضح رہے کہ کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کے لئے کل ووٹنگ ہوئی۔ ملک بھر میں پی سی سی کے 9800 مندوبین 40 پولنگ اسٹیشنوں کے 68 پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالے جبکہ مقابلہ سینئر لیڈر ملکارجن کھڑگے اور ششی تھرور کے درمیان تھا۔
خیال رہے کہ کانگریس پارٹی میں یہ انتخاب تقریباً 22 سال بعد ہو رہا ہے۔ اس سے پہلے سونیا گاندھی اور جتیندر پرساد کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جسے سونیا نے آسانی سے جیت لیا تھا۔ اس بار گاندھی خاندان سرگرم سیاست میں رہتے ہوئے صدر کا انتخاب نہیں لڑ رہا ہے۔ اس سے قبل 2017 میں راہل گاندھی دسمبر کے مہینے میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے تھے۔