حجاب معاملہ پر نفرت انگیز پروگرام نشر کرنے کی پاداش میں نیوز 18 پر 50 ہزار روپئے جرمانہ عائد، نفرت کا سوداگر عمن چوپڑا نے مسلم طالبات کی بیحرمتی کی تھی، این بی ڈی ایس اے نے مکیش امبانی کے چینل کی سرزنش کی

نیوز براڈکاسٹنگ اینڈ ڈیجیٹل اسٹینڈرڈز اتھارٹی نے کرناٹک حجاب کیس سے متعلق ایک ٹی وی مباحثہ کے دوران غیر جانبداری، انصاف پسندی اور اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ٹیلی ویژن چینل نیوز 18 پر 50 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اس پروگرام کے دوران نفرت کے سوداگر عمن چوپڑا نے حجاب کی حمایت کرنے والے پینلسٹس کا القاعدہ سے موازنہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

جسٹس اے کے سیکری نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد براڈکاسٹر کو اس معاملے پر بحث کرنے کا حق حاصل تھا، لیکن پروگرام کے دوران اصول و ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا۔ این بی ڈی ایس اے نے مشاہدہ کیا کہ پروگرام کے دوران مسئلہ کو فرقہ وارانہ انداز میں پیش کیا گیا جبکہ یہ موقع نفرت پھیلانے کا نہیں تھا۔

اتھاریٹی نے یہ حکم ٹیک ایتھکس اینڈ سیفٹی پروفیشنل اندراجیت گھوڑپھڑے کی شکایت کے بعد دیا۔ نفرت پر مبنی یہ پروگرام نیوز 18 ٹی وی چینل پر 6 اپریل 2022 کو نشر کیا گیا تھا جس کے بعد اندرا اجیت نے اتھاریٹی سے رجوع ہوکر اس کے خلاف شکایت کی تھی۔

پروگرام میں فرقہ پرست اینکر عمن چوپڑا نے مسلم طالبات کو “حجابی گینگ”، “حجاب والی غزوہ” کہا تھا اور پروگرام کے دوران متعدد مرتبہ نفرت انگیز تبصرے بھی کئے تھے۔ پروگرام کے دوران اسکرین پر القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری اور مسلم طالبات کو ایک ساتھ دکھایا جارہا تھا تاکہ دیگر اقوام کے سامنے منفی تاثر پیش کیا جاسکے۔

دوسری جانب مکیش امبانی کے چینل نیوز 18 نے انتہائی بے غیرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نفرت انگیز پروگرام کا دفاع کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک ذمہ دار چینل کی حیثیت سے اس نے سیاسی پس منظر سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بحث میں شامل کیا اور اپنی رائے کا اظہار کرنے کی دعوت دی تھی۔

اتھاریٹی نے نیوز 18 کو ہدایت دی کہ پروگرام کی ویڈیو کو اندرون سات یوم تمام پلیٹ فارمز سے ہٹادیا جائے۔

Deccan Files

اپنا تبصرہ بھیجیں