دنیا بھر میں مشہور بھوپال عالمی تبلیغی اجتماع کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے منعقد نہیں ہوپایا تھا تاہم اب اس کا 18 نومبر سے آغاز ہوگا۔ چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع کا اختتام 21 نومبرکو ہوگا۔ اس سال بیرون ممالک کی جماعتیں اجتماع میں شرکت نہیں کریں گی۔
اطلاعات کے مطابق چار روزہ عالمی اجتماع بھوپال کے اینٹ کھیڑی میں منعقد ہوگا جہاں 30 لاکھ اسکوائر فٹ پر خصوصی ٹینٹ لگائے جارہے ہیں اور بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔
امید کی جارہی ہے کہ اس سال بھوپال عالمی اجتماع میں 10 لاکھ سے فرزندان توحید کے پہنچنے کی توقع ہے۔ اجتماع کے دوران تقریباً 500 نکاح بھی پڑھوائے جائیں گے۔ اجتماع گاہ میں گاڑیوں کی پارکنگ کےلیے 300 ایکڑ پر انتظام کیا جائے گ جبکہ ناشتہ، دوپہر و رات کے کھانے کےلیے 34 زونز بنائے جائیں گی جہاں ایک وقت میں 2 لاکھ لوگ ایک ساتھ کھانہ کھاسکیں گے۔
اجتماع کا آغاز 18 نومبر کو درس قرآن سے ہوگا اور 21 نومبر کو دعا کے بعد اجتماع اختتام پذیر ہوگا۔ سینٹرل ریلوے کی جانب سے بھوپال میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے مسافروں کی سہولت کےلیے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے ہیں۔ شولا پور اور بھوپال کے درمیان 2 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولس کی جانب سے بھی سکیورٹی کے پیش نظر اجتماع گاہ اور شہر کے مختلف مقامات، بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر چوکسی برتی جارہی ہے اور سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔