حیدرآباد میں ووٹر لسٹ سے 2.79 لاکھ ناموں کو حذف کردیا گیا

حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقوں سے تقریباً 2.79 لاکھ ووٹرز کو ووٹر لسٹ سے ہٹادیا گیا جبکہ حلقہ جوبلی ہلز سے سب سے زیادہ 29 ہزار 591 ووٹرز کو لسٹ سے حذف کردیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ جن ووٹرز کے نام لسٹ سے نکالے گئے ہیں وہ یا تو فوت ہوچکے ہیں یا انہوں نے اپنا پتہ تبدیل کرلیا ہے یا ان کا نام ایک سے زائد بات لسٹ میں درج ہے۔ ایسے لوگوں کے ناموں کو ووٹر لسٹ سے نکال دیا گیا۔

قبل ازیں حیدرآباد میں ووٹرز کی تعداد 43.67 لاکھ تھی تاہم اب تازہ ووٹر لسٹ کے مطابق حیدرآباد میں کل 41 لاکھ 46 ہزار 965 ووٹرز ہیں جبکہ 59 ہزار 575 نئے ووٹرز نے اپنا نام درج کرایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 78 افراد کی موت ہوئی، 3966 افراد نے اپنا پتہ تبدیل کروایا ہے جبکہ 2 لاکھ 75 ہزار 586 ناموں کو ایک سے زیادہ مرتبہ لسٹ میں ہونے کی وجہ سے حذف کردیا گیا۔

حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں کی تازہ ووٹر لسٹ کو جاری کیا گیا تاہم فہرست سے متعلق اعتراضات 8 دسمبر تک وصول کئے جائیں گے۔ اعتراضات، اپنے ناموں کے اندراج سے متعلق جانچ کےلیے متعلقہ حلقہ کے الیکشن افسر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے یا www.ceotelangana.nic.in پر بھی کلک کرکے جانکاری حاصل کی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں