فی الحال بی جے پی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ بہت جلد سی ایم کے سی آر بی جے پی پر سرجیکل اسٹرائیک کریں گے، کیونکہ اس طرح کی قیاس آرائیاں اب عام ہورہی ہے کہ بہت جلد ایٹالا راجندر دوبارہ ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ہیں۔
منوگوڑ انتخابات میں کراری ہار کے بعد کے سی آر بی جے پی کو سنبھلنے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔ کے سی آر نے ایک جانب اپنے ارکان پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور ان سے مسلسل رابطہ میں ہیں وہیں دوسری جانب پارٹی سے ناراض ہوکر دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں کو گھر واپسی کےلیے بڑے پیمانہ پر کوشش کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جبکہ امید کی جارہی ہے کہ بہت جلد ای راجندر کے علاوہ دیگر کئی اہم ارکان جو بی جے پی، کانگریس اور دیگر پارٹیوں میں شامل ہوئے تھے انہیں ٹی آر ایس میں دوبارہ شامل کرایا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ٹی آر ایس سربراہ فی الحال گھر واپسی پروگرام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ کے سی آر بی جے پی کو ریاست میں کوئی موقع نہیں دینا چاہتے۔ وہیں بی جے پی تلنگانہ میں اپنی سیاسی طاقت کو بڑھانے کےلیے ہندتوا کا کارڈ کھیلنے کی تیاری میں ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے ہے بھگوا پارٹی کٹر ہندو ووٹرز کو راغب کرنے کےلیے ملعون راجہ سنگھ کو استعمال کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ایٹالہ راجندر بھی اپنی گھر واپسی کا منصوبہ بنارہے ہیں اور بہت جلد ٹی آر ایس میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ کا پیشکش بھی کیا گیا ہے۔