کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی بھارت جوڈو یاترا کیمپ سائٹ پر آئی بی کے اہلکاروں کو بھیج رہی ہے اور یاترا کے دوران راہول گاندھی سے ملنے والوں کو ’دہشت زدہ‘ کیا جارہا ہے۔
کانگریس نے بی جے پی پر بڑا حملہ کرتے ہوئے بھارت جوڑو یاترا کو بدنام کرنے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کی قومی ترجمان سپریا شرینیت نے پریس کانفرنس کرکے یاترا کے خلاف کی جارہی دروغ گوئیوں کو بےنقاب کیا اور ویڈیو جاری کرکے یاترا کے تعلق سے پھیلائی جارہی غلط فہمیوں کو بھی بے نقاب کیا۔
سپریہ شرینیت اور جے رام رمیش نے دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی لیڈر اور اس کے آئی ٹی سیل کے ساتھ ساتھ کچھ چینل بھی یاتراکے خلاف جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کی جانب سے پھیلائے جارہے جھوٹ کو بھی بے نقاب کیا۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ سب سے پہلا جھوٹ بی جے پی نے یہ پھیلایا کہ یاترا میں فائیو اسٹار کنٹینر ہیں۔ شری نیتے نے کہا کہ اگر اس کی سچائی کے بارے میں جاننا ہے تو بی جے پی لیڈروں کوخود آکر ان کنٹینروں میں رہ کر دیکھنا چاہئے۔ دوسرا جھوٹ یہ تھا کہ کنیا کماری میں راہل گاندھی نے سوامی وویکانند میموریل کا دورہ نہیں کیا حالانکہ اس کی ویڈیو دستیاب ہے۔ تیسرا جھوٹ یہ ہے کہ راہل پریس کانفرنس نہیں کرتے اور تقریر نہیں کرتے جبکہ وہ یاترا کے دوران ۸؍ بار پریس کانفرنس کر چکے ہیں اور وہ ٹیلی پرامپٹر کے بغیر تقریر کرتے ہیں۔
کانگریس ترجمان نے میڈیا کےنمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ چوتھا جھوٹ یہ تھا کہ راہل جنوبی ہندوستان میں صرف چرچ میں گئے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ تمام مذاہب کے مقدس مقامات پر گئے۔ یاترا کے دوران’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگنے کے الزام پر شری نیتے نے بتایا کہ بی جے پی آئی ٹی سیل کی اس حرکت کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی پر ویڈیو کی بنیاد پر یہ الزام عائد کیاگیا کہ نرمدا کے کنارے انہوں نے اُلٹی آرتی کی جو سب سے بڑا جھوٹ تھا۔ کانگریس لیڈر نے نشاندہی کی کہ ویڈیو ریکارڈنگ میں وہ اُلٹی نظر آرہی تھی ساتھ ہی وزیراعظم مودی کیلئے ’مہامانو‘ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب ان کے ذریعہ کی گئی آرتیوں کے ویڈیو ز کی جانب نشاندہی کی گئی تب کہیں جاکر بی جےپی آئی ٹی سیل کے کارکن راہل کے خلاف اپنی شرانگیزی سے باز آئے۔
Congress Says BJP Is Rattled By Bharat Jodo Yatra’s Success