ایک سو سے زائد خواتین کی عصمت دری کرنے والا درندہ صفت سوامی (جلیبی بابا) کو 14 سال قید کی سزا

ہریانہ کے فتح آباد کی ایک فاسٹ ٹریک کورٹ نے امرپوری (جلیبی بابا کے نام سے مشہور ایک خود ساختہ سوامی) کو 100 سے زیادہ خواتین کی عصمت دری اور اس گھناؤنے جرم کی ویڈیو بنانے کے جرم میں 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

درندہ صفت سوامی جلیبی بابا اپنے پاس آنے والی خواتین کو نشہ آور چائے پلاکر ان کی عزت لوٹتا اور تمام گھناؤنی حرکتوں کو ریکارڈ کرتا تھا۔ پھر ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر رقم کے لیے بلیک میل کیا کرتا تھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بلونت سنگھ نے 63 سالہ امرپوری کو پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنسز (پوسکو) ایکٹ کی دفعہ 6 کے تحت نابالغ کی دو بار عصمت دری کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنائی اور دفعہ 376 کے تحت عصمت دری کے دو مقدمات میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی۔ تعزیرات ہند کے آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67-A کے تحت 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم آرمس ایکٹ کیس میں اسے بری کردیا گیا

متاثرین کے وکیل سنجے ورما نے کہا کہ تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اور نام نہاد سوامی کو 14 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنا ہوگا۔ قبل ازیں فتح آباد کی عدالت نے 5 جنوری کو خود ساختہ سوامی امرپوری عرف بلو کو عصمت دری کے الزام میں مجرم ٹھہرایا تھا۔ متعدد خواتین میں سے صرف کچھ متاثرہ خواتین نے بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے متاثرین کے بیانات کی بنیاد پر فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ ہریانہ پولیس نے 2018 میں امرپوری کو فتح آباد کے ٹوہانہ قصبے سے گرفتار کیا اور اس کے موبائل فون سے 120 مبینہ جنسی ویڈیو کلپنگس برآمد کئے تھے۔ اس وقت کی فتح آباد خواتین کے پولیس سیل کی انچارج بملا دیوی نے تصدیق کی تھی کہ ملزم امرپوری کے موبائل فون سے 120 سیکس ویڈیو کلپنگ برآمد ہوئی ہیں۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ خواتین اپنے مسائل کے حل کے لیے امرپوری سے رجوع ہوتی تھیں جبکہ وہ مبینہ طور پر خواتین کو کسی نہ کسی شکل میں منشیات پیش کرتا اور ان کا جنسی استحصال کرتا تھا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 19 جولائی 2018 کو ایک مخبر نے ٹوہانہ پولیس اسٹیشن ہاؤس آفیسر پردیپ کمار کو ایک جنسی ویڈیو کلپ دکھایا تھا۔ ایس ایچ او کی شکایت پر ملزم سوامی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 292، 293، 294، 376، 384، 509 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67-A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں