آندھرا اور تلنگانہ کو جوڑنے والی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کا وزیراعظم نریندر مودی نے کیا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی نے ریموٹ ویڈیو لنک کے ذریعہ سکندرآباد-وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا۔ مودی نے آج وشاکھا پٹنم کو سکندرآباد سے جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریس ریل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
یہ وندے بھارت سیریز کا چھٹویں اور تلنگانہ اور آندھرا پردیش تلگو ریاستوں کے لیے پہلی ٹرین ہے۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سکندرآباد میں مقام تقریب پر موجود رہے۔ افتتاح کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ وندے بھارت ٹرین سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے کہ سکندرآباد۔وشاکھاپٹنم کے درمیان 700 کیلومیٹر کا فاصلہ صرف 7 گھنٹے میں طے کر نا اب ممکن ہوگا۔ یہ ٹرین ورنگل، کھمم، وجئے واڑہ اور راجمندری اسٹیشنوں پر رکے گی جبکہ وندے بھارت ٹرین کا باقاعدہ آغاز 16 جنوری سے ہوگا۔ یہ ٹرین ہفتہ میں 6 روز چلے گی تاہم اتوار کو خدمات بند رہیں گی۔ وشاکھاپٹنم۔سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس صبح 5.45 بجے وشاکھاپٹنم سے روانہ ہوگی اور دوپہر 2.15 بجے سکندرآباد پہنچے گی۔ وہیں سکندرآباد۔وشاکھاپٹنم ٹرین سکندرآباد سے سہ پہر3 بجے روانہ ہوگی اور 11.30 بجے شب وشاکھاپٹنم پہنچے گی۔ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ اس ٹرین میں 1128 افراد سفر کر سکتے ہیں۔
ٹرین کا افتتاح انجام دینے کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ اس وندے بھارت ایکسپریس سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے ثقافتی اعتبار سے متنوع خطوں کو جوڑا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں سات وندے بھارت ریل گاڑیوں نے 30 لاکھ کلومیٹر کا سفرطے کرکے 40 لاکھ مسافروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کا ڈیزائن بھارت میں بنایا گیا ہے اور ملک میں ہی اسے تیار کیا گیا ہے۔ مودی نے کہا وندے بھارت ایکسپریس ”دیش کی ٹرین“ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ بھارت ہر شعبے میں بہترین کارکردگی چاہتا ہے۔ مودی نے کہا کہ رابطے قائم کرنے کا براہ راست تعلق ترقی سے ہوتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو جوڑتا ہے بلکہ خوابوں کو حقیقت کے ساتھ بھی منسلک کرتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج بھارتی ریلویز سے سفر کرنا ایک خوشگوار احساس بنتا جارہا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں کے ذریعے نئے بھارت کی تصویر ابھر کر سامنے آرہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں