سینئر کانگریس رہنما، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق چیئرمین، کانگریس اقلیتی شعبے کے سابق سکریٹری اور معروف کالم نگار انیس درانی کا آج صبح نوئیڈا کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 75 سال کے تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔
سابق رکن پارلیمنٹ، سابق سفیر ہند اور سینئر کانگریس رہنما م افضل نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ انیس درانی کی تدفین بعد نماز مغرب دہلی گیٹ کے قبرستان میں ہوگی۔ ان کا جسد خاکی اسپتال سے پٹودی ہاؤس دریا گنج میں واقع م۔ افضل کے گھر لایا گیا۔ وہاں سے میت مسجد دائی والی تراہا بہرام خان میں لے جائی جائے گی۔
م افصل نے اظہار رنج و غم کرتے ہوئے کہا کہ انیس درانی کا انتقال ان کا ایسا ذاتی خسارہ ہے جو کبھی پُر نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انیس درانی کو دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد جمعے کی شام کو نوئیڈا کے جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا۔ بالآخر ہفتے کی صبح کو وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ واضح رہے کہ انیس درانی م۔ افضل کے برادر نسبتی تھے۔
ان کے انتقال پرملال پر متعدد شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔
Load/Hide Comments