یوم جمہوریہ تقریب کے مہمانِ خصوصی مصری صدر فتح السیسی کی نئی دہلی آمد

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نئی دہلی پہنچ گئے، وہ 74ویں یوم جمہوریہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ مصری صدر کا دورہ 27 جنوری تک جاری رہے گاأ

اُن کے ہمراہ پانچ وزیروں اور اعلیٰ اہلکاروں سمیت اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی آیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مصر کے صدر کو یوم جمہوریہ تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا۔ مصر کی فوج کا ایک دستہ بھی یوم جمہوریہ پریڈ میں حصہ لے گا۔
ہندوستان اور مصر اِس سال سفارتی تعلقات قائم ہونے کے 75سال پورے ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ G-20 کی بھارت کی صدارت کے دوران مصر کو مہمان ملک کے طور پر بھی مدعو کیا گیا ہے۔
مصر کے صدر السیسی کا باضابطہ استقبال کَل راشٹرپتی بھون میں کیا جائے گا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو شام میں معزز مہمان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گی۔
السیسی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے دوطرفہ علاقائی اور عالمی معاملات پر باہمی اور وفد سطح کی بات چیت کریں گے۔ وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بھی صدر السیسی سے ملاقات کریں گے، جو بعد میں اپنے دورے کےدوران ایک تقریب میں ہندوستانی کاروباریوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں