بنڈی سنجے کی زہرافشانی: کہا تلنگانہ سکریٹریٹ کے گنبدوں کو منہدم کردیا جائے گا، حکومت پر اسدالدین اویسی کو خوش کرنے کا لگایا الزام

حیدرآباد (دکن فائلز): آئندہ کچھ مہینوں بعد تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی توقع کی جارہی ہے، ایسے میں لگتا ہے کہ بی جے پی نے اقتدار پر قبضہ جمانے کےلیے کسی بھی حد تک جانے کی ٹھان لی ہے اور ریاست میں فرقہ پرستی کا زہرگھولنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
تلنگانہ بی جے پی کے صدر بندی سنجے نے آج ایک بار پھر جم کر زہر اگلا۔ انہوں نے حیدرآباد کے کوکٹ پلی میں ایک کارنر میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد نئے سکریٹریٹ کے گنبدوں کو منہدم کردیا جائے گا۔ بندی سنجے نے اپنی زہرافشانی کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں نظام کی ثقافت کو ختم کردیا جائے گا۔ بندی سنجے نے نظام کی وراثت کو غلامی کے داغ سے تعبیر کیا اور کہا کہ اقتدار میں آنے پرسکریٹریٹ کی عمارت میں تبدیلیاں کی جائں گی اور گنبدوں کو منہدم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بھارتی و تلنگانہ کی ثقافت کو پروان چڑھایا جائے گا۔

بندی سنجے نے کہا کہ اسدالدین اویسی کو خوش کرنے کےلیے سکریٹریٹ کو تاج محل کی طرح بنایا گیا۔

واضح رہے کہ آج سے بی جے پی کی جانب سے ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت 11 ہزار اسٹریٹ کارنر میٹنگیں منعقد کی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں