داعش کے 7 عسکریت پسندوں کو سزائے موت، بھوپال-اجین ٹرین دھماکہ معاملہ میں این آئی اے عدالت کا فیصلہ

لکھنؤ میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے بھوپال-اجین مسافر ٹرین دھماکہ 2017 کیس میں قصوروار سات عسکریت پسندوں کو سزائے موت کی سزا سنائی ہے جبکہ ایک مجرم کو عمر قید کی سزا دی گئی۔ ان پر آئی ایس کے دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق غوث محمد خان، محمد فیصل، عاطف مظفر، محمد اظہر، محمد دانش، سید میر حسین اور آصف اقبال کو سزائے موت دی گئی جبکہ عدالت نے محمد عاطف کو عمر قید کی سزا سنائی۔ سزائے سنانے کے دوران تمام مجرمین عدالت میں موجود تھے وہیں این آئی اے کورٹ نے آج رات 8 بجے یہ فیصلہ سنایا۔ ٹرین دھماکے معاملہ میں کل 9 عسکریت پسندوں پر ملوث ہونے کا الزام تھا تاہم ایک ملزم سیف اللہ انکاونٹر میں ہلاک ہوگیا۔

این آئی اے کی جانب سے 9 عسکریت پسندوں کے خلاف ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے، دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے فنڈز، دھماکہ خیز مواد اور ہتھیار جمع کرنے کے الزام کے تحت کیس بنایا گیا تھا۔ اس معاملے میں 21 مارچ 2018 کو فرد جرم عائد کیا گیا۔ گذشتہ 24 فروری کو عدالت نے تمام کو مجرم قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ 7 مارچ 2017 کو بھوپال-اجین مسافر ٹرین میں شاجاپور کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس میں 9 افراد زخمی ہو ئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں