گجرات ہائی کورٹ کی ایک جج نے آج سورت کی سیشن عدالت کے فیصلہ کے خلاف کانگریس رہنما راہول گاندھی کی اپیل کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا۔ گجرات ہائی کورٹ کی جج جسٹس گیتا گوپی نے آج راہل گاندھی کی ہتک عزت کے معاملے میں ان کی سزا پر روک لگانے کی درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا۔
ہتک عزت کیس میں راہول گاندھی کی اپیل کی سماعت کرنے والے گجرات ہائی کورٹ کے جج نے آج خود کو مقدمہ سے الگ کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جسٹس گیتا گوپی نے عدالتی رجسٹری کو ہدایت دی ہے کہ کیس کو چیف جسٹس کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اس کیس کو دوسری بنچ کو تفویض کرے۔ راہول گاندھی کے وکیل پی ایس چاپانیری نے بتایا کہ نئے جج کی تقرری میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں۔
راہول گاندھی گذشتہ روز گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔ قبل ازیں نچلی عدالت نے مودی کنیت پر کئے گئے ریمارکس سے متعلق کیس میں سزا پر روک لگانے کی ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
اس مقدمہ میں راہول گاندھی کو ایک نچلی عدالت نے دو سال کی جیل کی سزا سنائی تھی جس کے بعد ن کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ اگر ان کی سزا کو منسوخ یا معطل نہیں کیا جاتا ہے تو ان کی رکنیت بحال نہیں ہوگی اور نہ ہی وہ آئندہ آٹھ سال تک الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔


