جمعیت علما ہند کی فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کے خلاف عرضی پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار، ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا مشور

سپریم کورٹ نے متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز روکنے اور فلم کی کہانی کو غیر حقیقی قرار دینے سے متعلق جمعیت علما ہند کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کیرالا ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔

جمعیت علما ہند نے ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز کو روکنے کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ جمعیت علما ہند نے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے جمعیت علما ہند کی درخواست پر مختصر سماعت کرتے ہوئے مذہبی تنظیم کو ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی تجویز دی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کو اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی خاص جواز موجود نہیں، بہتر ہوگا کہ اس کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے اور سپریم کورٹ ماتحت عدالت کو جمعیت علما ہند کی درخواست ترجیحی بنیادوں پر سننے کی ہدایت کرے گی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب جمعیت علما ہند نے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ تنظیم نے بتایا کہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی نمائش پر پابندی عائد کی جانی چاہئے، کیوں کہ اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو 5 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، فلم کی کہانی سدیپتو سین نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں۔

جمعیۃ علما ہند نے فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس پر عدالت عظمیٰ نے سماعت کرنے سے انکار کر دیا اور عرضی گزار کو ہائی کورٹ جانے کی صلاح دی

اپنا تبصرہ بھیجیں