وزیراعظم نریندر مودی نے آج کرناٹک میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے توقع کے مطابق کھل کر متنازعہ فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی تائید کی۔ انہوں نے کرناٹک کے بیلاری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر تنقید کی اور متنازعہ فلم پر کئی اہم تبصرے کئے۔
انہوں نے کہا کہ فلم ہدایت کار اور پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ یہ فلم حقیقی واقعات پر مبنی ہے تاہم کانگریس اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا۔
وزیراعظم نے کانگریس پر سنگین الزامات کی بوچھار کردی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دہشت گردوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس دہشت گردی سے تعلق رکھنے والوں سے ہاتھ ملاتی ہے اور ان کے ساتھ سیاسی سودے بازی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے منشور میں بہت سے جھوٹے وعدے کئے گئے ہیں۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ کرناٹک انتخابی مہم میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ون مین شو کے طور پر حصہ لینے والے مودی نے توقع کے مطابق ہندو ووٹرز کو راغب کرنے کےلیے متنازعہ فلم دی کیرالا اسٹوری پر تبصرہ کیا اور کانگریس پر حملہ بولا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں وزیراعظم نے ایک اور متنازعہ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کی بھی بھرپور تائید کی تھی۔
سوشل میڈیا پر یہ سوال کیا جارہا ہے کہ کیا متنازعہ فلم کی مخالفت کرنا دہشت گردوں کی تائید کے مترادف ہوسکتا ہے؟


