حیدرآباد: ریلوے ٹریک پر ویڈیو بنانے کے دوران مدرسہ کا طالب علم جاں بحق، محمد سرفراز کی موت کے بعد صنعت نگر میں غم کا ماحول
حیدرآباد کے صنعت نگر میں ریلوے ٹریک پر انسٹاگرام ریل ویڈیو بنانے کے دوران حادثاتی طور پر سرفراز نامی طالب علم کی موت ہوگئی۔
محمد سرفراز حیدرآباد کے رحمت نگر میں واقع دینی مدرسہ میں زیر تعلیم تھے۔ سرفراز اپنے دو دوستوں کے ساتھ انسٹا ریلز کے لیے ویڈیو شوٹ کرنے کے لیے آج صنعت نگر ریلوے ٹریک پر گئے تھے۔ انسٹاریلز شوٹ کرنے کے دوران حادثاتی طور پر ریل کی ٹکر سے سرفراز جاں بحق ہوگئے۔
ویڈیو شوٹ کرنے کے دوران دو دوستوں نے سرفراز کو فوری کریک سے ہٹنے کو کہا لیکن خطرناک اسٹنٹ کرنے کے خواہاں سرفراز نے دیر کردی، اس دوران ریل کی ٹکر سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
اطلاعات کے مطابق آج دوپہر تین دوست صنعت نگر ریلوے ٹریک پر انسٹا ریل بنانے کےلئے گئے تھے۔ محمد سرفراز سوشل میڈیا پر ایکٹیو تھے اور ان کی جانب سے مختلف ویڈیوز بھی بھیجے گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کےلیے گاندھی اسپتال منتقل کیا۔ کم عمر مسلم لڑکے کے انتقال کی خبر کے بعد علاقہ میں غم کا ماحول ہے۔


