تلنگانہ میں عہدیدار انٹر کے نتائج کی اجرائی سے متعلق تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلہ میں کی جارہی مشقیں آخری مرحلے میں پہنچ رہی ہیں۔ ریاست میں انٹر کے امتحانات 15 مارچ سے 4 اپریل تک منعقد ہوئے تھے۔ سال اول کے امتحانات میں 4,82,501 اور دوسرے سال کے لیے 4,23,901 طلبا نے شرکت کی۔ پرچوں کی جانچ کا عمل امتحانات کے فوری بعد شروع کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ اپریل کے دوسرے ہفتے میں مکمل ہوگیا۔ اس تناظر میں حکام جلد از جلد نتائج جاری کرنے کےلئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تلنگانہ انٹر کے نتائج کا اعلان اگلے ہفتہ یعنی 13 مئی سے قبل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے مشق کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ نمبروں کی کوڈیفیکیشن اور ڈی کوڈنگ کے عمل پر پہلے ہی ٹرائل رن کیے جا چکے ہیں تاکہ کسی تکنیکی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چونکہ اس عمل میں کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا ہے، اسی لئے عہدیدار نتائج جاری کرنے کےلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق نتائج سے متعلق مشق کا عمل پیر تک مکمل ہو جائے گا اور وزیر تعلیم کی اجازت حاصل کرنے کے بعد نتائج کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ توقع کے مطابق 13 مئی سے قبل انٹر کے نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔


