متنازعہ فلم ‘دی کیرالہ اسٹوری’ پر زور و شور سے سیاست کی جارہی ہے جبکہ فرقہ پرست طاقتیں اس فلم کے ذریعہ اپنے مسلم دشمن ایجنڈہ پر گامزن ہیں۔ سب سے پہلے مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت نے فلم کو ریاست میں ٹیکس فری قرار دیا تھا تاہم اب یوگی کی حکومت نے بھی اترپردیش میں متنازعہ فلم کو ٹیکس فری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اترپردیش کے وزیراعلی یوگی نے اپنی پوری کابینہ کے ساتھ خصوصی اسکریننگ میں فلم کا مشاہدہ کیا۔ اب ریاستی حکومت فلم کے ٹکٹوں کی فروخت پر جی ایس ٹی کا اپنا حصہ وصول نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ کرناٹک انتخابی مہم کے دوران متنازعہ فلم ‘دی کیرالہ اسٹوری’ کو لیکر مسلمانوں کے خلاف خوب زہر اگلا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مغربی بنگال میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں فلم ‘دی کیرالہ سٹوری’ پر پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم من گھڑت کہانی پر بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعہ کیرالا اور مسلانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


