حیدرآباد: (دکن فائلز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ریاست میں حکومت بنانے کے لیے درکار نشستوں سے زائد سیٹوں پر کانگریس نے اپنی جیت درج کی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کانگریس پارٹی نے 136 حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں بی جے پی صرف 65 سیٹںوں پر سمٹ کر رہ گئی ہے۔ انتخابات میں متعدد وزرا کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔
کانگریس قیادت نے کرناٹک میں جیت کے لیے سخت محنت کی وہیں عوام نے یہ بتادیا کہ اب فرقہ پرستی پر مبنی سیاست نہیں چلے گی۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا، ملکارجن کھرگے، ڈی کے شیوکمار، سدارامیا و دیگر قائدین نے انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کی نفرت پر مبنی ہر چال کا صحیح انداز میں جواب دیا اور عوام کے مفاد میں کام کرنے کا وعدہ کیا۔ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران عوامی مدعوں کو اٹھایا جبکہ بی جے پی نے فرقہ پرستی و نفرت پھیلانے پر مبنی اپنی روایتی مہم کو جاری رکھا تھا۔
ایسا مانا جارہا ہے کہ کرناٹک کے عوام نے ترقی، خوشحالی اور بھائی چارگی کےلئے ووٹ دیا اور بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کو نکاردیا۔ بی جے پی کی کراری ہار کے بعد گودی میڈیا کے اینکرز کے چہروں پر مایوسی صاف دیکھی جاسکتی ہے اور میڈیا کی جانب سے یہ جتانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کرناٹک کی شکست سے نریندر مودی اور امیت شاہ کا دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے جبکہ انتخابات میں ہار کےلئے جے پی نڈا و دیگر رہنما ذمہ دار ہیں۔ ملک بھر میں پھیلے کچھ بھکت کرناٹک کی ہار پر غمزدہ ہیں۔


