کرناٹک کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟

حیدرآباد: (دکن فائلز) کرناٹک انتخابات میں کانگریس پارٹی نے شاندار جیت درج کی ہے لیکن اب وزیراعلیٰ کون ہوگا اس کا فیصلہ کرنے کےلیے پارٹی الجھن کا شکار ہے۔ آج شام بنگلور کی ایک ہوٹل میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، ڈی کے شیوکمار، سدارامیا اور دیگر اہم لیڈروں کے ساتھ سی ایل پی کی میٹنگ ہوئی۔ اس اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا۔ سی ایل پی کی میٹنگ میں متفقہ طور پر کرناٹک کے اگلے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا اختیار کانگریس صدر ملکارجن کھرگے پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ سے پہلے، ملکارجن کھرگے نے کہا کہ سی ایل پی اپنی رپورٹ پارٹی ہائی کمان کو بھیجے گی، جس میں کرناٹک کے اگلے وزیراعلی کے نام پر فیصلہ کرنے میں کچھ وقت درکار ہوگا۔
ایسا مانا جارہا ہےکہ کانگریس کی جانب سے اگلے وزیراعلیٰ کے نام کا منگل کے روز اعلان کیا جائے گا اور جمعرات کو بڑے پیمانہ پر حلف برداری تقریب منعقد ہوگی جس میں کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ حلف لیں گے۔
کانگریس ہائی کمان کےلئے وزیراعلیٰ کا انتخاب مشکل ہوگیا ہے کیونکہ سدارامیا اور ڈی کے شیو کمار دونوں رہنماؤں کی پارٹی کے لئے خدمات قابل تعریف رہی ہے۔ سدارامیا کو عوامی لیڈر اور کرناٹک کی سیاست کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔ وہیں ڈی کے شیوکمار نے کانگریس پارٹی کےلئے بہت کچھ کیا ہے اور ریاست میں کانگریس کو مضبوط کرنے کےلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ڈی جے شیوکمار کو راہل گاندھی کا قریبی مانا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں