تلنگاہ کے رنگاریڈی ضلع میں کے ٹی آر نے بین الاقوامی کمپنی فوکس کان کا سنگ بنیاد رکھا، 25 ہزار افراد کو روزگار ملنے کی توقع

حیدرآباد (دکن فائلز) ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ گزشتہ نو برسوں میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست نے تیز رفتار ترقی حاصل کی ہے۔ رنگاریڈی ضلع کونگر کلاں میں فاکس کان ٹکنالوجیز کے پلانٹ کیلئے اُنہوں نے کمپنی کے سی ای او یانگ لیو اور ریاستی وزیر سبیتا اندرارریڈی کے ساتھ بھومی پوجا کی۔ اُنہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو الیکٹرانکس کی تیاری کا مرکز بنایاجارہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ پلانٹ کے قیام کیلئے بھومی پوجا کرتے ہوئے اُنہیں کافی مسرت ہورہی ہے۔ آج کا دن تلنگانہ کی تاریخ میں یادرکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت فاکس کان کو ہر طرح سے مدد فراہم کرے گی۔
کے ٹی آر نے کہاکہ فاکس کان کمپنی نے معاہدہ کے ڈھائی مہینوں میں ہی ہیاں اپنا پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سال 2 مارچ کو یہ معاہدہ کیا گیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ حکومت کی جانب سے دو ماہ میں کمپنی کے قیام کیلئے تمام منظوریاں دی گئی۔ پہلے مرحلہ میں کمپنی کے قیام کے بعد 25 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ اُنہوں نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے خصوصی تربیت مرکز قائم کیاجارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ یہ صرف آغاز ہے مستقبل میں کمپنی کے ساتھ مزید کام کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے بتایاکہ تلنگانہ قائم ہونے کے بعد سے 23 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں