اس نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ کمپیوٹر سائنس میں ایم ایس سی کیا۔ پوسٹ گریجویٹ کرنے کے باوجود وہ چور بن گیا جسے آج ورنگل پولیس نے پکڑ لیا۔ آئیے جانتے ہیں کس طرح ایک پوسٹ گریجویٹ چور بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق محبوب آباد ضلع میں گنگاورم منڈل کے پیڈا ایلا پور گاؤں کا ایرابوٹولا سنیل فی الحال ہنمکنڈہ میں مقیم ہے۔ کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرس کرنے والے سنیل کو آن لائن بینگ کی لت لگ گئی۔ وہ کرکٹ بیٹنگ میں رقم لگاتا تھا۔ اس لت کی وجہ سے سنیل مقروض ہوگیا۔
مقروض ہونے کے بعد اس نے آسانی سے پیسے حاصل کرنے کےلیے کچھ دوسرے ملزمین کے ساتھ مل کر چوری کرنا شروع کردیا۔ 2020 میں اس نے ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تحت ہنمکنڈہ، دھرم ساگر، مٹے واڑہ، کے یو سی اور الیرو پولیس اسٹیشنوں میں 15 سے زیادہ چوری کی وارداتیں کیں۔ سال 2022 میں سنیل کو پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا اور صوبیداری پولیس نے ملزم کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی درج کیا۔
لیکن سنیل نے گزشتہ سال اکتوبر میں جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ کار ڈرائیور کے طور پر کام کیا اور مختلف علاقوں میں گھوم کر مقفل مکانات کی نشاندہی کرکے منصوبہ بندی کے ساتھ چوری کی وارداتیں کررہا تھا۔ گزشتہ ماہ بھی اس نے کے یو سی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک واردات کو انجام دیا اور اس ماہ کی 12 تاریخ کوکوماتی پلی پولیس حدود میں گھر کا تالا توڑ کر قیمتی طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا۔ ورنگل پولیس کمشنر اے وی رنگناتھ کی نگرانی میں کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔


