غمزدہ والدین نے بیٹے کی لاش سے اُس کی سالگرہ کا کیک کٹوایا

حیدرآباد: (دکن فائلز) ریاست تلنگانہ کے آصف آباد میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا۔ شاپنگ کے دوران 16 سالہ لڑکا سچن دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا جبکہ اسی روز لڑکے کی سالگرہ بھی تھی۔ 10ویں جماعت کے طالب علم کی اچانک موت سے والدین پر سکتہ طاری ہوگیا۔ غمزدہ والدین و رشتہ داروں نے لڑکے کی موت کے بعد اسپتال میں ہی اس کی سالگرہ منائی۔
اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں دل شکستہ والدین اپنے بیٹے کی لاش سے اس کی سالگرہ کا کیک کٹوا رہے ہیں۔ دسویں جماعت کا طالب علم اپنی سالگرہ کی شاپنگ کرنے بازار گیا تھا جہاں اسے دل کا دورہ پڑا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج اس کی موت ہوگئی۔
نوجوان لڑکے کو منچیریال کے سرکاری اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔ بدنصیب والدین سالگرہ کا کیک لیے اسپتال پہنچے تو ان کا بیٹا فوت ہوچکا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹے کی لاش اسپتال کے بستر پر ہے اور والدین اس کا ہاتھ پکڑ کر کیک کاٹ رہے ہیں۔ موت سے قبل سچن چاہتا تھا کہ اس کی سالگرہ بڑی دھوم دھام سے منائی جائے اور وہ اس کےلئے پرجوش تھا۔ لیکن اسے کیا پتہ تھا کہ سالگرہ کے جشن سے پہلے اس کا گھر ماتم کدہ میں بدل جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں