حیدرآباد (دکن فائلز) اسلام مخالف پروپیگنڈا کے تحت بنائی گئی متنازعہ فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی برطانیہ میں نمائش کے دوران ہنگامہ ہوگیا اور دو گروپس آپس میں ٹکراگئے۔
اطلاعات کے مطابق متنازعہ فلم کی وجہ سے جہاں ملک میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان اختلافات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے وہیں دیگر ممالک میں اب دونوں مذاہب کے درمیان کشیدگی کے واقعات ہوئے ہیں۔ کیرالہ سے 32 ہزار لڑکیوں کے لاپتہ ہوکر اسلام قبول کرنے اور داعش میں شامل ہوکر دہشت گرد سرگرمیوں میں ان کو استعمال کرنے کے جھوٹے دعویٰ کے تحت بنائی گئی فلم نے برطانیہ میں بھی تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر برطانیہ کے ایک سنیما گھر کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلم کی نمائش کو مسلم مظاہرین کی جانب سے رکوانے کی کوشش کی گئی جس پر کچھ فرقہ پرستوں نے ان کے ساتھ تلخ کلامی کی جس کے بعد جھگڑا بھی ہوا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
