حیدرآباد (دکن فائلز) ایسا لگتا ہے کہ کانگریس نے فرقہ پرستوں کو منہ توڑ جواب دینے کا ہنر سیکھ لیا ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے اپنے منشور میں شدت پسند تنظیم بجرنگ بل پر پابندی لگانے کا وعدہ کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کے فرقہ پرست بھڑک اٹھے تھے، اس کے باوجود کانگریس نے کرناٹک انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ اب کانگریس نے کرناٹک اسمبلی اسپیکر کے باوقار عہدہ کےلئے ایک مسلم رہنما کا انتخاب کیا ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما یو ٹی عبدالقادر کو کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے عہدہ کےلئے منتخب کیا ہے۔ یو ٹی قادر کا تعلق منگلورو سے ہے۔ اس اقدام کو کانگریس کے مسلمانوں کے تئیں اظہار تشکر کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں نے انتہائی دوراندیشی و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دیا تھا جس کی وجہ سے کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی اور بی جے پی کو شرمناک ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
یو ٹی عبدالقادر پانچ مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ وہ گزشتہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے نائب رہنما تھے۔ عبدالقادر 2013 میں سدارمیا حکومت اور 2018 میں کانگریس۔جے ڈی ایس حکومت میں کابینی وزیر رہ چکے ہیں۔


