بڑی خبر: حیدرآباد کے پرانے شہر میں عجیب قسم کی بو سے عوام میں تشویش کی لہر

حیدرآباد میں پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں عجیب قسم کی بدبو سے عوام میں تشویش کی لہر دیکھی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ٹپہ چبوترہ، جھرہ، ملک پیٹ، چادر گھاٹ، پرانی حویلی، دارالشفا، کاروان و دیگر علاقوں میں عجیب قسم کی بدبو محسوس کی گئی۔

آج علی الصبح تقریباً 4 بجے شہریوں نے عجیب و غریب بو کو محسوس کیا۔ پہلے تو یہ تصور کیا گیا کہ تھوڑی دیر میں یہ بو ختم ہوجائے گی لیکن اس عجیب و غریب بو کو صبح 8 بجے کے بعد بھی محسوس کیا گیا۔
بعض لوگوں نے آنکھوں میں جلن کی شکایت کی جب کہ کچھ افراد نے دم گھٹنے کی بھی بات کہی۔ بعض علاقوں میں عجیب و غریب بدبو کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ لوگوں نے اپنی شکایت میں بتایا کہ انہیں کچھ کمیکل کی بو محسوس ہورہی ہے اور بہت دیر تک عوام میں خوف کا ماحول دیکھا گیا۔
عجیب قسم کی بو کو لیکر سرکاری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ عوام نے پٹرولنگ میں مصروف پولیس سے اس معاملہ میں شکایت کی۔

اس سلسلہ میں چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن سے بھی رابطہ قائم کیا گیا تاہم بو سے متعلق کوئی ٹھوس جانکاری موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کی جانب سے بھی اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ آخری اطلاع ملنے تک اس عجیب قسم کی بو سے متعلق سچائی کا پتہ نہ چل سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں