حیدرآباد (دکن نیوز) راجستھان میں اب فرقہ پرستوں نے عازمین حج کی بس پر پتھراؤ کرکے ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی ناپاک کوشش کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوٹہ میں عازمین حج سے بھری بس کو کچھ شرپسندوں نے گھیرلیا اور بس پر پتھراؤ شروع کردیا، بس جئے پور جارہی تھی۔
واضح رہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ملعون راجہ سنگھ نے ایک روز قبل کوٹہ میں مسلم مخالف اشتعال انگیز تقریر کی تھی، جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی دیکھی جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق جس بس پر شرپسندوں نے حملہ کیا اس پر ’حج یاترا‘ تحریر تھا اور بس کوٹہ سے جئے پور کی طرف جارہی تھی کہ اچانک راستہ میں تقریباً 10 تا 14 شرپسندوں نے بس پر حملہ کردیا۔ اس موقع پر بس کو نشانہ بناتے ہوئے پتھراؤ کیا گیا اور مسلم مخالف نعرے لگائے گئے۔
عازمین حج کی بس پر حملہ کرنے کے بعد شرپسند موقع سے فرار ہوگئے۔ حملہ میں متعدد عازمین زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ راجستھان پولیس نے شرپسندوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
بس پر اچانک حملہ کے بعد عازمین حج کی سیکوریٹی کو لیکر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ عازمین حج پر حملے کے بعد ملک بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر ہے۔ انتہاپسندوں کے حملہ کے بعد مسلمانوں نے کنہاڑی تھانہ پہنچ کر خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس انتظامیہ کے خلاف بھی اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ آئے دن راجستھان میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن کانگریس حکومت کی جانب سے ہندوتوا شرپسندوں کے خلاف نرم رویہ اختیار کرنے کی شکایت کی گئی۔


