کے سی آر نے وزیراعظم مودی کو ’معافی کا سوداگر‘ قرار دیا

تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ نے آج حیدرآباد میں دہلی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اروند کیجریوال اور بھگونت مان تلنگانہ دورہ پر حیدرآباد آئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ہوش میں آنا چاہئے اور آرڈیننس کو واپس لینا چاہئے۔
عام آدمی پارٹی کے دونوں رہنما دہلی میں افسران کی تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کرنے کے لیے ملک بھر کا سفر کررہے ہیں۔
کے سی آر نے کہا کہ مودی حکومت نے دہلی کے لوگوں کی توہین کی ہے۔ انہوں نے آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ (مودی حکومت) ایمرجنسی کو واپس لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران ملک میں اسی طرح کی صورتحال تھی۔ انہوں نے کہا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی احترام نہیں کیا جارہا ہے۔ کے سی آر نے اس دوران وزیراعظم مودی کو ’’معافی کا سوداگر‘‘ قرار دیا۔
کے سی آر نے کہا کہ ہم اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرڈیننس لا کر دہلی کے لوگوں کی توہین کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں