میرٹھ میونسپل کونسل میں میئر اور دیگر اراکین کی حلف برداری کی تقریب کے دوران بی جے پی کارکنوں ن کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے کارپوریٹروں پر حملہ کردیا جس کے بعد تقریب میں ہنگامہ ہوا۔ پہلے تو پولیس نے بی جے پی کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور بعد میں انہیں تھانے سے ہی ضمانت پر رہا کردیا۔
پولیس کے مطابق گذشتہ جمعہ کو میرٹھ میونسپل کارپوریشن میں حلف برداری تقریب کے دوران قومی گیت ‘وندے ماترم’ نہ گانے کے بعد مجلسی رہنماؤں پر حملہ کیا گیا اور ہنگامہ کیا گیا۔ اس دوران مجلس کے کچھ کونسلروں کو مبینہ طور پر مارا پیٹا گیا۔ اس معاملے میں بی جے پی کے تین کونسلروں راجیو کالے، اتم سینی اور کویتا راہی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا لیکن انہیں گرفتار کرکے فوری طور پر رہا بھی کردیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد بی جے پی کے رکن راجیو کالے کی جانب سے مجلس کے آٹھ کونسلروں کے خلاف شکایت درج کی گئی۔ وہیں بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے مجلسی رہنماؤں پر قومی ترانے کی بے عزتی کا الزام عائد کیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مجلسی ارکان نے وندے ماترم گانے کے وقت کھڑے نہ ہو کر بے ضابطگی کا ارتکاب کیا ہے۔


