رجب طیب ایردوان نے تاریخ رقم کی، ترکی کے صدارتی انتخابات میں زبردست کامیابی

ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے فتح حاصل کرلی، کمال قلیچ دار دوسرے نمبر پر رہے۔ تفصیلات کے مطابق رجب طیب اردوان ترکیہ کے صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔

ترک سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے 52.24فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل کمال قلیچدار47.79فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ فتح کا اعلان سنتے ہی رجب طیب اردوان کے حامی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ، اس کے علاوہ ہنگری، قطر اور لیبیا کی حکومتوں کی جانب رجب طیب اردوان کو مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔

پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں