حیدرآباد (دکن فائلز) وارانسی کی گیانواپی مسجد معاملہ میں مسجد کمیٹی کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے آج کمیٹی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا جس میں التجا کی گئی تھی کہ مقامی عدالت میں زیر سماعت دیوانی مقدمے کو ختم کردیا جانا چاہئے۔
وارانسی میں گیانواپی مسجد کمپلیکس میں پوجا کرنے کی اجازت دینے سے متعلق ہندو خواتین کے ایک گروپ کی جانب سے دائر مقدمہ کو عدالت نے درست قرار دیا اور وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ میں کیس کو جاری رکھنے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ کچھ خواتین نے اگست 2021 میں مسجد کمپلیکس میں باقاعدگی پوجا کرنے کی اجازت کےلئے مقدمہ دائر کیا تھا جن کے دعویٰ تھا کہ مسجد کے احاطے میں مورتی موجود ہیں۔
مسجد کمیٹی اور اتر پردیش سنی وقف بورڈ نے ہائی کورٹ سے اس کیس کو خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے دلیل دی تھی کہ 1991 کے عبادت گاہوں سے متعلق ایکٹ اور سنٹرل وقف ایکٹ 1995 کے تحت اس طرح کی عرضی کو برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے وارانسی ڈسٹرکٹ جج کے فیصلے کے خلاف چیلنج کیا تھا، جنہوں نے قبل ازیں اس مقدمے پر ان کے اعتراض کو خارج کر دیا تھا۔