حیدرآباد (دکن فائلز) بی جے پی کے رہنما و نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد نگر کا نام بدل دینے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان کی خواہش کو پوری کرنے کا اعلان کیا۔
ایکناتھ شندے نے ’احمد نگر‘ کا نام بدلنے کا اعلان کیا۔ گذشتہ روز انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب احمد نگر ’اہلیادیوی ہولکر نگر‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ نے مالوہ ریاست کی رانی اہلیا بائی ہولکر کے مقامِ پیدائش احمد نگر کے چونڈی میں اہلیابائی ہولکر کی 298ویں جینتی کے موقع پر منعقد ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی موجود تھے۔
قبل ازیں فڑنویس نے اپنے خطاب میں احمد نگر کا نام بدل کر اہلیادیوی ہولکر نگر رکھنے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم آخر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ہم سب کی خواہش بھی یہی ہے۔ اس خواہش کا احترام کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ احمد نگر کا نام بدل کر اہلیادیوی ہولکر نگر‘ کیا جائے گا۔‘‘
نام بدلنے کا معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ریاستی وزیر گریش مہاجن نے بارامتی گورنمنٹ میڈیکل کالج کا نام ’پُنیہ شلوک اہلیادیوی ہولکر گورنمنٹ میڈیکل کالج‘ کرنے کا اعلان کیا۔


