دسویں جماعت کے نصاب سے جمہوریت کے باب کو ہٹادیا گیا، این سی ای آر ٹی کا تازہ اقدام

حیدرآباد (دکن فائلز) تعلیمی نصاب میں تبدیلیوں کے علاوہ مختلف اسباق کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کی جانب سے 10ویں جماعت کی نصاب کتاب سے جمہوریت سے متعلق باب کو ہی ہٹادیا گیا۔ این سی ای آر ٹی نے جمہوریت سے متعلق باب و دیگر اسباق کو ہٹانے کی وجہ ’طلبہ کے بوجھ‘ کو کم کرنا بتایا ہے۔

این سی ای آر ٹی نے 10ویں جماعت کی نصابی کتاب سے طلبا کے بوجھ کو کم کرنے کےلئے جمہوریت کے علاوہ پیریڈک ٹیبل اور ماحولیات سے متعلق چیپٹرز کو حذف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اب 10ویں جماعت کے طلبا حکومت کی جانب سے شائع کردہ کتاب سے جمہوریت، متواتر جدول کے علاوہ توانائی کے ذرائع سے متعلق نہیں پڑھ سکیں گے۔ سائنس کی نصابی کتاب سے ماحولیاتی پائیداری اور توانائی کے ذرائع سے متعلق بات کو بھی ہٹایا گیا۔
این سی ای آر ٹی کی تازہ ترین نظرثانی کے بعد 10ویں جماعت کے طلبہ جمہوریت، جمہوریت کو درپیش چیلنجز اور سیاسی جماعتوں سے متعلق مطالعہ سے محروم رہیں گے۔

تفصیلات میں بتایا گیا کہ وہ طلبہ جو دسویں کے امتحان میں کامیاب ہوکر آرٹس اور ہیومینٹیز کا انتخاب کرتے ہیں وہ بعد میں جمہوریت کا مطالعہ کر سکتے ہیں، ویں جو طلبا سائنس کا انتخاب کرتے ہیں وہ متواتر جدول سے متعلق سبق پڑھ سکتے ہیں۔
این سی ای آر ٹی کے تازہ فیصلہ پر دانشوران و سائنسدانوں نے تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10ویں جماعت کے نصاب سے جمہوری سیاست، جمہوریت اور تنوع، مقبول جدوجہد اور تحریکیں اور جمہوریت کو چیلنجز جیسے اہم اسباق کو ہٹانے طلبا کا نقصان ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں