حیدرآباد (دکن فائلز) شدت پسند تنظیم مہارانا پرتاپ سینا کے صدر کو آج جنسی ہراسانی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دہلی کے یوپی بھون میں ایک اداکارہ کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں ملزم راجیہ وردھن سنگھ پرمار کو اجین سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق راجیہ وردھن مہارانا پرتاپ سینا کا صدر ہے۔ متاثرہ خاتون نے بتایا تھا کہ 26 مئی کو ملزم نے اسے وزراء سے ملنے کے بہانے بلایا تھا تاہم وہ جب یوپی بھون پہنچی تو اسے جنسی زیادتی کا شکار بنایا گیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ اسے پولیس میں شکایت نہ کرنے کےلئے ڈرایا دھمکایا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اداکارہ کی شکایت کو درج کرلیا گیا اور جس مقام پر اداکارہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اس کمرے کو سیل کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزم 26 مئی کی دوپہر 12.22 بجے اداکارہ کے ساتھ عمارت میں داخل ہوا اور 1.05 بجے وہ باہر آگیا۔ ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 354 (عورت پر حملہ یا اس کی عزت کو مجروح کرنے کے ارادے سے مجرمانہ طاقت کا استعمال)، 354 اے (جنسی طور پر ہراساں کرنا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت چانکیہ پوری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حکم کے بعد یوپی بھون میں تعینات 3 افسران کو بھی معطل کر دیا گیا ہے اور انچارج منیجر کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
Load/Hide Comments